غزہ میں ہماری کارروائیوں کو دانستہ روکنے کی کوشش کی جارہی: اونروا

محفوظ زون قائم کرنے کی یک طرفہ تجاویز کا حصہ نہ بنیں گے: اونروا، غزہ کو بڑے قحط کا سامنا ہے: ورلڈ فوڈ پروگرام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کے ڈائریکٹر جنرل فلپ لازارینی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ایجنسی کی کارروائیوں کو مفلوج کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔

سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ مکمل ناکہ بندی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اونروا کی کارروائیوں کو مفلوج کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔ لازارینی نے خبردار کیا کہ ایندھن کی قلت کی وجہ سے ایجنسی کو اپنا کام مکمل طور پر معطل کرنا پڑ سکتا ہے۔

لازارینی نے اس کوشش کو "اشتعال انگیز" قرار دیا اور کہا انسانی ہمدردی کے ادارے کو ایندھن کی بھیک مانگنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اونروا غزہ میں 8 لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد کو مدد فراہم کر رہی ہے اور اس کا یہ آپریشن مکمل طور پر معطل کئے جانے کے خطرے سے دوچار ہے۔

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے آج خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کو بڑے پیمانے پر قحط" کا سامنا ہے۔ تقریباً پوری آبادی کو خوراک کی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ پروگرام کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سنڈی میک کین نے ایک بیان میں کہا غزہ میں خوراک اور پانی کی سپلائی لگ بھگ مکمل طور پر معطل ہے۔ جس قدر کی ضرورت ہے اس کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہی غزہ پہنچ پا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سردی میں شدت آتے ہی غیر محفوظ اور بہت سے بھیڑ والی پناہ گاہوں کو نہ صاف پانی کی کمی بلکہ قحط کے فوری امکان کا سامنا ہے۔

اونروا نے دیگر انسانی ہمدردی کے اداروں کے ساتھ ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی تنظیمیں تمام فریقین کی رضامندی کے بغیر غزہ میں کسی بھی "محفوظ زون" کے قیام میں حصہ نہیں لیں گی۔ انسانی امداد کے لیے کام کرنے والی ایجنسیوں کے مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ میں امداد اور بنیادی خدمات کی فراہمی کے لیے ایندھن مناسب مقدار میں فراہم کیا جانا چاہیے۔

اونروا کے کمشنر نے اس سے قبل بتایا کہ غزہ میں جاری اس جنگ میں موت کے منہ میں جانے والے ایجنسی کے اہلکاروں کی تعداد 103 ہوگئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں