روسی صدر کا مصری صدر السیسی کے ساتھ فون پر تبادلہ خیال، غزہ میں مدد پر اظہار تشکر
روس کے صدر ولادی میر پوتین نے ہفتے کے روز مصری صدر السیسی کو فون کر کے خطے کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ روسی صدر نے اپنے دورہ سعودی عرب اور دورہ امارات کے بارے میں بھی صدر السیسی کو اعتماد میں لیا۔
صدر السیسی کو پوتین کی یہ فون کال ایسے وقت میں موصول ہوئی ہے جب وہ اگلی مدت کے لیے بھی صدارتی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ صدر پوتین نے بھی ایک روز قبل ہی اگلے سال مارچ میں متوقع روسی صدارتی انتخاب میں امیدوار بننے کا اعلان کیا ہے۔
کریملن کے مطابق پوتین نے اس فون کال کے دوران صدر السیسی کو سعودی عرب اور امارات میں ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا اور السیسی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کس طرح اپنی انتخابی مصروفیات کے باجود غزہ کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔ پوتین نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے روسی صدر یہ بات بار بار کہ چکے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی سفارتی ناکامی کی وجہ سے حالات اس نہج کو پہنچے ہیں۔ روس خطے میں اپنے اثرات بڑھانے کے لیے سرگرم نظر آتا ہے ۔ چین بھی اس سمت میں اپنی کوششوں کا آغاز کر چکا ہے۔