حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز اور دو دیگر گروپوں نے پیر کے روز مغربی کنارے میں فائرنگ کے واقعے کی ذمے داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واقعے میں تین اسرائیلی ہلاک ہو گئے تھے۔
القسام بریگیڈز کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں قلقیلیہ کے گاؤں الفندق میں فائرنگ کی کارروائی میں اس کے ساتھ القدس بریگیڈز اور الاقصی بریگیڈز بھی شامل تھے۔
اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے نے پیر کے روز بتایا تھا کہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع قلقیلیہ کے مشرق میں کومیم بستی میں فائرنگ کے نتیجے میں تین اسرائیلی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مرنے والوں میں ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سڑک پر گزرتی ایک گاڑی میں سے دو گاڑیوں اور ایک بس پر فائرنگ کی گئی جن میں اسرائیلی شہری موجود تھے۔ واقعے کے بعد حملہ آوروں کا تعاقب کیا گیا۔
اسرائیلی طبی تنظیم Magen David Adom کے مطابق اس کے طبی کارکنان واقعے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کا علاج کر رہے ہیں جن میں 2 کی حالت نازک ہے۔
سات اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی میں فوجی آپریشن شروع کرنے کے ساتھ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بھی اپنی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا۔ ان پندرہ ماہ کے دوران میں اب تک 847 فلسطینی جاں بحق اور تقریبا 6700 زخمی ہو چکے ہیں۔
ادھر غزہ کی پٹی میں اس عرصے میں اسرائیلی فوجی آپریشن اور حملوں میں 1.55 لاکھ سے زیادہ فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ اس کے علاوہ 11 ہزار افراد لا پتا ہیں۔ وسیع تباہی اور بھوک سے درجنوں بچوں اور عمر رسیدہ افراد کی اموات نے غزہ کی پٹی میں دنیا کا ایک بد ترین انسانی المیہ جنم دیا ہے۔