چین کے ایک سیاحتی مقام پر ski lift سے گرنے والی بچی کی وڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
برف سے لطف اندوز ہونے کے لیے آئے ہوئے سیاحوں نے بچی کو ایک چیئر لفٹ سے لٹکتے ہوئے دیکھا جب کہ چیئر لفٹ اوپر کی طرف جا رہی تھی۔
وڈیو میں کھلتے گلابی رنگ کے آئس سوٹ میں ملبوس بچی کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ چیئر لفٹ کو تھامے رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاہم کچھ دیر میں ہی وہ توازن کھو کر تقریبا 40 فٹ (12 میٹر) کی بلندی سے نیچے گر پڑی۔ بچی کے گرنے کی جگہ کے نزدیک صنوبر کے درخت تھے جو برف سے ڈھکے ہوئے تھے۔
عینی شاہدین اور سیاحتی مقام کے اہل کاروں نے یہ منظر دیکھا تو فورا بچی کے گرنے کی جگہ کی سمت دوڑ پڑے۔ بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بچی خوش قسمت رہی کہ اتنی اونچائی سے گرنے کے باوجود وہ خطرناک چوٹوں سے محفوظ رہی۔ مقامی میڈیا کے مطابق درختوں کی شاخوں اور نرم برف نے گرنے کی شدت کو کم کر دیا۔
واقعے کی تصویر کشی کرنے والے ایک عنی شاہد کے مطابق "یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب اس طرح کا واقعہ پیش آیا ہے ... والدین اور تربیت کاروں کو زیادہ خبردار رہنا چاہیے تا کہ اس طرح کا حادثہ پیش نہ آئے"۔
ایسا لگتا ہے کہ بچی کے ساتھ چیئر لفٹ میں تین افراد اور بھی تھے مگر انھوں نے بچی کو گرتے ہوئے نہیں دیکھا۔
عموما ski lifts میں حفاظتی باڑ لگی ہوتی ہے جو بڑے افراد کو گرنے سے روکتی ہے۔ بعض ڈیزائنوں میں بچوں کی حفاظت کی تدابیر بھی شامل ہوتی ہیں۔ جو بچے بغیر حفاظتی تدبیر والی زیادہ بڑی لفٹ میں سوار ہوتے ہیں ان کے لیے پھسل کر گرنے کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔