اطالوی وزیرِاعظم جورجا میلونی نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے باضابطہ قیام سے قبل اس کو تسلیم کرنا الٹا نقصان دہ نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
ہفتے کو اطالوی اخبار ’لا ریپوبلیکا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے میلونی نے کہاکہ "میں فلسطینی ریاست کے قیام کی پُرزور حامی ہوں، مگر قیام سے پہلے اس کا رسمی اعتراف نہیں کرتی"۔
ان کا کہنا تھا کہ "اگر کسی ایسی چیز کو محض کاغذی طور پر تسلیم کر لیا جائے جو ابھی وجود میں ہی نہیں آئی، تو یوں لگے گا جیسے مسئلہ حل ہو چکا ہے، حالانکہ وہ جوں کا توں موجود ہوگا"۔
اس سے قبل جمعے کو اطالوی وزیرِ خارجہ انتونیو تایانی نے بیان دیا تھا کہ فلسطینی ریاست کو اس وقت ہی تسلیم کیا جانا چاہیے جب وہ نئی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرے۔
جمعرات کے روز فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے تجویز دی تھی کہ فرانس اور برطانیہ کو فلسطینی ریاست کو مشترکہ طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی واحد راستہ ہے جو اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔