فن لینڈ کی سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک رکن ایملی پیلٹونین منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہلاک ہو گئے۔ اس رکن پارلیمنٹ کی عمر تیس سال بتائی گئی ہے۔ پارلیمان نے بھی ان کی پر اسرار موت کی تصدیق کر دی ہے۔
پارلیمنٹ ہاوس کی طرف سے کہا گیا ہے منگل کی صبح جس شخص کی موت واقع ہو گئی تھی وہ ایملی پیلٹونین تھے۔ جو پہلی بار پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
پارلیمنٹ ہاوس کی طرف سے تصدیقی بیان میں مرنے والے رکن کے اہل خانہ اور رشتہ داروں سے تعزیت بھی کی گئی یے۔
فن لینڈ کی پولیس کے مطابق اس رکن پارلیمان کی ہلاکت دن کے گیارہ بجے ہوئی۔ تاہم ابھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ موت کی وجہ کیا بنی ہے۔ لیکن یہ نہیں لگتا کہ یہ کسی مجرمانہ کارروائی کا نتیجہ ہے۔
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے اس سلسلے میں پارٹی سربراہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اس اچانک موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی کی سربراہ نے کہا ان سے ہم سب بہت محبت رکھتے تھے۔ ان کی یادیں دیر تک ہمارے ساتھ رہیں گی۔
ہمیں افسوس ہے کہ وہ اس نوجوانی کی عمر میں ہی اور جلدی چلے گئے۔ہم ان کے پیاروں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور ان کی مضبوطی کی دعا کرتے ہیں۔
فن کینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے بھی رکن پارلیمنٹ کی اس اچانک موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صدر نے کہا اس اچانک انتقال کی خبر سے مجھے صدمہ ہوا ہے۔ صدر نے ' ایکس ' پر اپنی تعزیت میں ایملی کے پیاروں اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
فن لینڈ کی پارلیمنٹ نے اپنے ایک رکن کی اس موقع پر قومی پرچم کو سرنگوں کرنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے فن لینڈ کے ارکان پارلیمنٹ ان دنوں موسم گرما کی تعطیلات پر ہیں۔ جبکہ اسمبلی کا موسم خزاں کا اجلاس 2 ستمبر کو بلایا گیا ہے۔