ٹرمپ کے براہِ راست پیغام کے ساتھ…. وائٹ ہاؤس نے ٹک ٹاک کی دنیا میں قدم رکھ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکا میں وائٹ ہاؤس نے ٹک ٹاک پر با ضابطہ اکاؤنٹ بنا لیا ہے تاکہ اس کے ذریعے 17 کروڑ سے زیادہ امریکی صارفین تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیغامات پہنچائے جا سکیں۔

نیا اکاؤنٹ @whitehouse منگل کی شام ایک ابتدائی وڈیو کے ساتھ شروع کیا گیا جس میں ٹرمپ یہ کہتے نظر آتے ہیں "میں آپ کی آواز ہوں"۔
اس کے ساتھ تحریر تھا "امریکہ، ہم واپس آ گئے ہیں ! ہیلو ٹک ٹاک !"۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا کہ "ٹرمپ انتظامیہ عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد تک صدر کی تاریخی کامیابیوں کو پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے، اور ہم ایسے طریقے سے رابطہ قائم کر رہے ہیں جو کسی سابقہ انتظامیہ نے نہیں اپنایا۔"

ٹرمپ اس مشہور ایپ کے مداح ہیں اور نومبر 2024 کے صدارتی انتخابات میں نوجوان ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کا سہرا اس ایپ کے سر قرار دیتے ہیں، جس کی بدولت انھوں نے ڈیموکریٹ امیدوار کمالا ہیرس کو شکست دی۔

اس کے باوجود کانگریس کے بعض اراکین کو خدشہ ہے کہ امریکی صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ ٹرمپ اس ایپ کو امریکی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کے ایک معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انٹیلی جنس رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ اس ایپ کے مالکان چینی حکومت سے جڑے ہوئے ہیں اور اسے امریکی عوام پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران @realdonaldtrump اکاؤنٹ استعمال کرتے رہے ہیں جس کے فالوروں کی تعداد 1 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر بھی پیغامات شائع کرتے ہیں اور کبھی کبھار "ایکس" پر بھی پوسٹ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ 2024 میں منظور ہونے والے ایک قانون کے مطابق ٹک ٹاک کو اثاثوں کی فروخت مکمل نہ ہونے کی صورت میں، جنوری 2025 میں اپنی امریکی سرگرمیاں بند کرنا تھیں۔ تاہم ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے آغاز پر اس قانون کے نفاذ کو مؤخر کر دیا اور کئی بار آخری تاریخ بڑھائی۔ اس کے نتیجے میں کانگریس کے اراکین کی جانب سے چین سے متعلق سکیورٹی خدشات کے حوالے سے شدید تنقید سامنے آ رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں