روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نے پیر کو ایرانی سفارت خانے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی مذاکرات کے لیے ماسکو پہنچ گئے ہیں۔
تین یورپی ممالک نے گذشتہ ماہ ایران پر دوبارہ پابندیاں لگانے کے لیے 30 دن کا عمل شروع کیا تھا جس کے بعد اقوامِ متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل نے تہران پر سے پابندیاں مستقل طور پر ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تینوں ممالک نے تہران پر الزام لگایا تھا کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015 کے معاہدے کی پاسداری میں ناکام رہا جس کا مقصد اسے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنا تھا۔
ایران ایسے کسی ارادے کی تردید کرتا ہے اور روس نے کہا ہے کہ وہ تہران کے پرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
محمد اسلامی ایران کے نائب صدر بھی ہیں۔ آر آئی اے نے یہ نہیں بتایا کہ وہ ماسکو میں کس سے ملاقات کریں گے۔