برطانیہ میں قیدیوں کی بڑی تعداد غلطی سے رہا
ایک سال میں 262 افراد جیل سے باہر نکل گئے، وزارتِ انصاف نے خصوصی کمیٹی قائم کر دی
برطانیہ میں جیل حکام نے ریکارڈ تعداد میں قیدیوں کو غلطی سے رہا کر دیا ہے۔ یہ اعداد و شمار مارچ 2024ء سے مارچ 2025ء کے درمیان سامنے آئے ہیں۔ برطانوی اخبار "دی سن" کے مطابق صرف ایک سال میں 262 قیدیوں کو غلطی سے آزادی ملی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 128 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق کچھ قیدیوں کو پیرول پروگرام کے تحت رہا کیا گیا، جبکہ دیگر کی رہائی سرکاری کاغذی غلطیوں کے باعث عمل میں آئی۔ ان انکشافات کے بعد وزارتِ انصاف نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ برس اگست میں برطانوی اخبار "دی ڈیلی میل" نے رپورٹ کیا تھا کہ ستمبر 2024ء سے مارچ 2025 ءکے درمیان تقریباً 26 ہزار 500 قیدیوں کو قبل از وقت رہا کیا گیا تاکہ جیلوں کے نظام پر دباؤ کم کیا جا سکے۔