جرمنی کے شہر میونخ میں بدھ کو پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہل کاروں کی ایک بڑی تعداد 'لیرشیناور شٹراسے' نامی مرکزی شاہراہ پر تعینات کر دیے گئے۔ واقعے کی وجوہات کے بارے میں تا حال کچھ واضح نہیں ہو سکا۔
جرمن پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ شہریوں اور دیگر رہائشیوں کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پولیس اور فائر بریگیڈ کی وسیع پیمانے پر کارروائیوں کے باعث سڑک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اس دوران دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، ایک لاش ملی جبکہ ایک شخص گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ یہ بات جرمن اخبار "بیلڈ" نے بتائی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب جرمنی پچھلے چند برسوں میں متعدد پُر تشدد حملوں کا سامنا کر چکا ہے۔ ان واقعات نے سیکیورٹی خدشات اور ہجرت کے مسئلے پر کشیدگی کو بڑھا دیا تھا۔
گزشتہ سال 20 دسمبر کو میگڈی برگ میں کرسمس مارکیٹ کے قریب کار سے کچلنے کے ایک واقعے میں 6 افراد ہلاک اور تقریباً 200 زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کی تحقیقات میں ایک ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اسی طرح رواں سال (2025) جنوری، اپریل اور مئی کے مہینوں میں بھی جرمنی کے مختلف شہروں میں چاقو بردار حملے اور دیگر پر تشدد واقعات پیش آئے۔