بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا نے پیر کو کہا ہے کہ وہ فروری 2026 میں تقریباً چھے سال بعد نئی دہلی سے چین کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی اور اگلے سال کے آخر میں ممبئی-شنگھائی روٹ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
تاہم مسافر بردار ایئرلائن نے کہا ہے کہ ترقی ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہے۔
گذشتہ مہینے چین کے گوانگژو بائیون بین الاقوامی ایئرپورٹ نے دونوں ممالک کے درمیان پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا جس سے پانچ سال سے زائد عرصے کا تعطل ختم ہوا اور دوطرفہ تناؤ میں محتاط نرمی کا اشارہ ملا۔
ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا، "شنگھائی کے لیے ایئر انڈیا کی خدمات کی بحالی بھارت اور چین کے حالیہ سفارتی معاہدوں کے بعد ہوئی ہے جس سے 2020 کے اوائل سے موقوف شدہ ہوائی روابط بحال ہوئے۔"
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی سلامتی بلاک کے اجلاس میں شرکت کے لیے اس سال کے شروع میں چین کا دورہ کیا جو سات سالوں میں پہلا دورہ تھا۔
مودی اور چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بھارت اور چین حریف نہیں بلکہ ترقیاتی شراکت دار ہیں اور عالمی ٹیرف کی غیر یقینی صورتِ حال کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔