ٹرمپ کا حملوں پر غور، سی آئی اے نے ایران میں ممکنہ مخبروں کو رابطے کے طریقے بتا دیے
وی پی این، ڈسپوزیبل ڈیوائس یا ڈارک نیٹ کے ذریعے رسائی کی ہدایات
امریکی سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) نے منگل کو ایران میں ممکنہ مخبروں کو رابطے کے طریقوں کی پیشکش کی۔ جیسا کہ صدر ٹرمپ ایران پر ممکنہ فوجی حملوں پر غور کر رہے ہیں تو امریکی جاسوسی ایجنسی سے محفوظ طریقے سے رابطہ کرنے کے لیے فارسی زبان میں ہدایات فراہم کی گئیں۔
یہ پوسٹ فارسی، کورین، روسی اور مینڈارن میں بھرتی کے ایک سلسلے میں تازہ ترین ہے جس میں سی آئی اے سے رابطہ کرنے کے محفوظ طریقے پیش کیے گئے۔ فارسی زبان کا یہ پیغام منگل کو ایکس، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر پوسٹ کیا گیا تاہم یہ امریکہ اور ایران کے تعلقات میں خصوصی بے چینی کے دوران سامنے آیا ہے اور جبکہ ایرانی ملّالیت کو ملک میں نئے مظاہروں کا سامنا ہے۔
ایران سے کشیدگی بڑھنے کے بعد امریکہ نے عشروں میں شرقِ اوسط میں اپنی سب سے بڑی فوجی طاقت جمع کر لی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیاں جوہری مذاکرات کا ایک اور دور اس ہفتے کے آخر میں طے شدہ ہے۔
ایران میں طلبہ نے پیر کو تہران کی یونیورسٹیز میں حکومت مخالف مظاہرے کیے جو ایک نئی بدامنی کی علامت ہے۔
انگریزی ترجمے کے مطابق ایجنسی نے پیغام میں لکھا، "ہیلو۔ سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی آپ کی بات سنتی ہے اور مدد کرنا چاہتی ہے۔ ہمارے ساتھ محفوظ ورچوئل کال کرنے کے بارے میں کچھ طریقے یہ ہیں۔"
فارسی زبان میں شائع کردہ اس پوسٹ کو چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں افراد نے دیکھا۔
ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ آیا پہلے والی بھرتی کی ویڈیوز کے نتیجے میں نئے ذرائع ملے ہیں لیکن ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے کہا ہے کہ پوسٹس کا اثر ہو رہا ہے۔
"گذشتہ سال سی آئی اے کی مینڈارن ویڈیو مہم کئی چینی شہریوں تک پہنچی اور ہم جانتے ہیں کہ اور بھی کئی لوگ اپنی زندگیاں بہتر بنانے اور اپنے ملک کو بہتری کے لیے تبدیل کرنے کے طریقے تلاش کر رہے ہیں،" ریٹکلف نے اس ماہ کے شروع میں ایک نئی مینڈارن ویڈیو پوسٹ ہونے پر کہا۔
سی آئی اے کی تجاویز میں انٹرنیٹ کی پابندیوں اور نگرانی کو روکنے کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک یا وی پی این اور ڈسپوزایبل ڈیوائس کا استعمال شامل ہے جس کی مدد سے صارف تک بآسانی نہیں پہنچا جا سکتا۔ سی آئی اے نے ممکنہ مخبروں پر بھی زور دیا کہ وہ نجی ویب براؤزرز استعمال کریں اور اپنی انٹرنیٹ ہسٹری حذف کر دیں تاکہ ان کا سراغ نہ مل سکے۔
ہدایات میں سی آئی اے کی عوامی ویب سائٹ یا ڈارک نیٹ تک رسائی کے طریقے شامل ہیں جو انٹرنیٹ کا ایک حصہ ہے اور صارف کی شناخت چھپانے کے لیے بنائے گئے خصوصی ٹولز کے ذریعے ہی اس تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔ سی آئی اے نے روسی زبان میں بھی ایسی ہی ہدایات پوسٹ کی ہیں۔
نئی ویڈیو کے بارے میں تبصرے کے لیے اقوامِ متحدہ میں ایرانی مشن کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے جواب نہیں دیا۔