جاپان نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ایران نے اس کے ایک شہری کو تہران میں حراست میں لے لیا ہے ،جاپان نے ایرانی حکام سے اس کی فوری رہائی کا شدید مطالبہ کیا ہے۔
جاپان کے نائب چیف سکریٹری برائے کابینہ ماساناو اوزاگی نے روزانہ کی نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یہ شخص 20 جنوری کو حراست میں لیا گیا، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
یورپ کے آزاد ریڈیو نے پہلے اطلاع دی تھی کہ تہران میں جاپان کے نشریاتی ادارے کے دفتر کے سربراہ شینوسوکی کاواشیما کو ایرانی حکام نے گرفتار کیا اور دارالحکومت میں واقع جیل منتقل کر دیا ہے۔لیکن دوسری جانب جاپانی ادارے نے اپنے کسی بھی ملازم کے حراست میں ہونے کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔
ادارے کے ایک ترجمان نے کہا: ہم جاپان کے نشریاتی ادارے میں اپنے ملازمین کی حفاظت کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتے ہیں۔ اس مرحلے پر ہمارے پاس اس حوالے سے کوئی جواب نہیں ہے۔