خرطوم محفوظ اور مستحکم ہے: سوڈانی وزیرِ اعظم
ادریس نے بیرونِ ملک مقیم سوڈانیوں سے قومی دارالحکومت واپسی کی رضاکارانہ اور اختیاری اپیل دوبارہ کر دی
سوڈان کے وزیرِ اعظم کامل ادریس نے کہا ہے کہ ''خرطوم محفوظ اور مستحکم ہے ''۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ''سونا'' کے مطابق انہوں نے جمعہ کی شام خرطوم میں واقع الساحۃ الخضراء کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ گورنر خرطوم احمد عثمان حمزہ بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے ان اداروں کی تعریف کی جنہوں نے ''الساحۃ الخضراء '' کی بحالی میں کردار ادا کیا، جو دیگر عوامی مقامات کی طرح ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے دانستہ تخریب کا نشانہ بنی تھی۔
انہوں نے اس مقام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم عوامی جگہ اور تفریحی مرکز ہے ،جہاں بڑی تعداد میں خاندان آتے ہیں اور یہاں سماجی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد ہوتی ہیں۔
انہوں نے جاری بحالی کے کام کو تیز کرنے، خاص طور پر ریس ٹریک اور جمنازیم کی مرمت جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیرِ اعظم نے بیرونِ ملک مقیم سوڈانی شہریوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر قومی دارالحکومت خرطوم واپس آئیں۔
واضح رہے کہ سوڈان اپریل 2023 سے جنگ کی لپیٹ میں ہے، جہاں سرکاری فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق یہ تنازع دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران بن چکا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ نصف آبادی کو خوراک کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔