کوالالمپور انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں مہمانِ خصوصی کے طور پر سعودی عرب کے پویلین کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ میلہ 29 مئی سے 7 جون تک جاری رہے گا۔ پویلین کا افتتاح سعودی ادب، پبلشنگ اور ترجمہ کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر عبداللطیف الواصل، ملائیشیا میں سعودی سفیر اسامہ بن داخل الاحمدی، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور وزیر تعلیم فاضلینا صدیق کی موجودگی میں کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے کہا کہ ایشیا کے اہم ترین ثقافتی ایونٹ میں سعودی عرب کو مہمانِ خصوصی بنانا دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ پویلین سعودی ثقافت کے تنوع اور اس کی تاریخ کو ملائیشیا اور ایشیائی عوام تک پہنچانے کا ایک بہترین موقع ہے۔
سعودی پویلین میں ثقافتی شعبے کے متعدد اداروں بشمول ہیریٹیج، موسیقی، فلم، کھانوں کے فنون اور فیشن کے حکام کے علاوہ وزارتِ اسلامی امور، شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس، شاہ فہد نیشنل لائبریری، شاہ عبدالعزیز پبلک لائبریری، شاہ سلمان گلوبل اکیڈمی برائے عربی زبان اور وزارتِ انصاف جیسی اہم قومی تنظیمیں شریک ہیں۔
پویلین میں ایک جامع ثقافتی پروگرام پیش کیا جائے گا، جس میں ممتاز سعودی ادیبوں کی شرکت کے ساتھ سیمینارز اور شعری نشستیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی روایتی رقص (خطوہ، سامری اور خبیتی) کے مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔ پویلین کے دیگر حصوں میں تاریخی مسودات کی نمائش، سعودی مطبوعات، دستکاریوں کے براہ راست مظاہرے، قدیم نوادرات کی نقول، سعودی موسیقی کے آلات، فیشن، سعودی فلموں کی جھلکیاں اور ایک روایتی "مجلس" بھی شامل ہے، جو مہمان نوازی اور سعودی ثقافت کی عکاس ہے۔
واضح رہے کہ کوالالمپور انٹرنیشنل بک فیئر جنوب مشرقی ایشیا کا سب سے قدیم اور با اثر ثقافتی میلہ ہے۔ 1981 میں اپنی پہلی اشاعت سے لے کر اب تک، چار دہائیوں سے زیادہ عرصے میں، یہ میلہ علم و آگہی کے ایک بڑے مرکز اور پبلشنگ انڈسٹری کے لیے ایک اہم علاقائی و عالمی پلیٹ فارم کے طور پر اپنی جگہ بنا چکا ہے۔