سعودی شہر ابھا میں 40 صنعتی یونٹس پر مشتمل "ریڈی میڈ فیکٹریز کمپلیکس" کا آغاز
یہ کمپلیکس خطے کی نوعیت اور اس کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق سرمایہ کاری کو راغب کر رہا ہے
سعودی عرب میں ابھا شہر نے 32,491 مربع میٹر رقبے پر پھیلے ہوئے نئے "ریڈی میڈ فیکٹریز کمپلیکس" کا افتتاح کر دیا جو تعمیر اور بنیاد رکھنے کے اخراجات کا بوجھ اٹھائے بغیر نئے صنعتی منصوبوں کے آغاز کو فروغ دے گا اور سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع صنعتی شعبے کو مدد فراہم کرے گا۔
ابھا چیمبر آف کامرس نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو بتایا کہ اس کمپلیکس میں 40 لیس صنعتی یونٹس شامل ہیں اور یہ خطے کی نوعیت اور اس کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق نئی صنعتی سرمایہ کاری کو راغب کر رہا ہے۔ ابھا میں واقع ریڈی میڈ فیکٹریز کمپلیکس جی ڈی پی میں صنعتی شعبے کے تعاون کو بڑھاتا ہے۔ ملک کی معاشی اور تکنیکی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہوتے ہوئے اس سے تکنیکی اور اختراعی صنعتوں میں نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی امید ہے۔ اس سے ہلکے الیکٹرانک آلات کی اسمبلنگ فیکٹریاں اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے ترقی پائیں گے۔
ریڈی میڈ فیکٹریاں
یہ منصوبہ سٹریٹجک مقام جیسے نمایاں مضبوط نکات کا حامل ہے۔ یہ علاقہ ابھا کے علاقے میں اہم لاجسٹک محوروں کے قریب ہے جس سے نقل و حمل، تقسیم اور ٹارگٹڈ مارکیٹوں تک رسائی کی نقل و حرکت آسان ہو جاتی ہے۔ اسی وجہ سے یہ سپلائی چینز کو متحرک کرتا ہے اور صنعتی سرگرمیوں سے وابستہ لاجسٹک خدمات کو بڑھاتا ہے تاکہ ایک ایسا مربوط سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کیا جا سکے جو معیاری سرمایہ کاری کو راغب کرے۔
ابھا چیمبر اور مدن کا تعاون
ابھا چیمبر آف کامرس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شاکر بن عویر نے بتایا کہ یہ منصوبہ ابھا چیمبر، "مدن" اتھارٹی اور متعدد متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون اور انضمام کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے انجینئرنگ، تعمیری، برقی، آرکیٹیکچرل اور مکینیکل نقشوں کی تیاری میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اور حفاظت کے منصوبوں اور منصوبے کے ماسٹر پلان کی تیاری کے ذریعے منصوبہ بندی اور نفاذ کے مراحل میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
معاشی اثرات
منصوبے کے متوقع معاشی اثرات کے بارے میں بن عویر نے کہا کہ مقامی مارکیٹ میں 40 نئے صنعتی یونٹس کا اضافہ عسیر کے خطے میں صنعتی شعبے کی مدد کے لیے ایک معیاری تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے۔
نئی صنعتی سرمایہ کاری
بن عویر نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے کی نوعیت اور اس کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق نئی صنعتی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔ ریڈی میڈ فیکٹریز کمپلیکس ان سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش پلیٹ فارم ہے جو توسیع کے خواہشمند ہیں یا تعمیر و تاسیس کے اخراجات کا بوجھ اٹھائے بغیر نئے صنعتی منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں۔
ابھا چیمبر کے صدر نے بتایا کہ یہ منصوبہ صنعتی سرمایہ کاروں کو درپیش سب سے نمایاں چیلنجوں میں سے ایک کا حل فراہم کرتا ہے۔ یہ چیلنجز فیکٹریوں کے قیام کا طویل عرصے اور پیچیدہ انجینئرنگ و تعمیری طریقہ کار سے متعلق ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کمپلیکس، جو 32,491 مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے، ریڈی میڈ صنعتی یونٹس اور مکمل انفراسٹرکچر کے ساتھ منظور شدہ انجینئرنگ نقشے فراہم کرتا ہے۔ اس سے آپریشن شروع کرنے کے لیے درکار وقت کم ہو جاتا ہے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاروں، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے داخلے میں تیزی آتی ہے۔
کاروباری افراد کے لیے مواقع
بن عویر نے کہا کہ یہ منصوبہ کاروباری افراد اور اداروں کے لیے ایک موقع کی نمائندگی کرتا ہے کیونکہ یہ فیکٹریوں کی تعمیر اور ان کو لیس کرنے سے وابستہ سرمائے کے اخراجات کو کم کرتا ہے۔ اس منصوبے سے سرمایہ کاروں کو اپنے مالی وسائل براہ راست پروڈکشن لائنوں، آپریشن اور مارکیٹنگ کی طرف لگانے کا موقع مل جائے گا۔ یہ کمپلیکس 305 سے 401 مربع میٹر کے درمیان لچکدار رقبے کے حامل صنعتی یونٹس بھی فراہم کرتا ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کی ضروریات کے لیے موزوں رقبہ ہے۔ اس کمپلیکس میں سکیورٹی، حفاظت اور انجینئرنگ کی شرائط کی تیاری بھی شامل ہے تاکہ سرمایہ کاروں پر طریقہ کار کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
ابھا چیمبر کے صدر شاکر بن عویر نے توقع ظاہر کی کہ یہ کمپلیکس متعدد امید افزا صنعتی شعبوں کو راغب کرے گا جن میں عسیر کے خطے کی مشہور زرعی مصنوعات سے وابستہ غذائی اور مینوفیکچرنگ صنعتیں سرِ فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ پیکیجنگ کی صنعتوں اور لاجسٹک سیکٹر کے لیے بھی یہ کمپلیکس معاون ہوگا۔
یہ منصوبہ ابھا کے علاقے کے لوگوں کے لیے آپریشن، مینجمنٹ، انجینئرنگ اور معاون خدمات کے شعبوں میں سیکڑوں براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرے گا۔ اس طرح یہ پائیدار معاشی ترقی کو بڑھاتا ہے اور ایک امید افزا صنعتی و سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر خطے کی پوزیشن کو مضبوط کرتا ہے۔ واضح رہے ابھا شہر سعودی عرب کے جنوب مغرب میں عسیر صوبے کا انتظامی دارالحکومت ہے۔ یہ ایک پہاڑی شہر ہے جس کے علاقے مملکت کا سب سے بلند حصہ ہیں۔