دل دہلا دینے والا منظر: پولیس کی بروقت کارروائی سے بچی کی جان بچ گئی
ایک وائرل ویڈیو میں ایک دل دہلا دینے والا منظر دیکھا گیا، جس میں ایک کم عمر بچی اپنے گھر کی کھڑکی سے گرنے کے خطرے سے دوچار تھی، تاہم پولیس اور راہگیروں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے آخری لمحوں میں اس کی جان بچا لی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی، جو غالباً گھر میں کھیل رہی تھی، کھڑکی کھلنے کے بعد اس کے قریب پہنچ گئی اور پھسل کر کنارے پر لٹک گئی۔
وہ کچھ دیر تک کھڑکی کے کنارے کو پکڑے رہی، یہاں تک کہ ایک پولیس اہلکار اور ایک راہگیر موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر اسے سنبھال کر محفوظ طریقے سے نیچے اتار لیا، جس کے باعث وہ کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہی۔
یہ واقعہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے مشرقی علاقے ایلفورڈ میں پیش آیا، جہاں ایک مصروف تجارتی سڑک پر یہ حادثہ ہوا۔ گنجان بازار اور لوگوں کی موجودگی نے ریسکیو کارروائی کو مزید تیز اور مؤثر بنانے میں مدد دی۔
بچی کی عمر تقریباً تین سال بتائی جاتی ہے، جسے قریبی عمارت کی کھڑکی پر خطرناک حالت میں دیکھا گیا تھا، تاہم فوری ردعمل نے ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہاں موجود لوگ زور زور سے ''جلدی، جلدی'' پکار رہے تھے تاکہ پولیس اہلکار اور دیگر افراد فوری طور پر بچی کو بچا سکیں، اس سے پہلے کہ وہ نیچے گر جائے۔
اسی دوران نیچے کی ایک منزل کی کھڑکی سے ایک خاتون بھی بچی کو آوازیں دے رہی تھی اور اس کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھا رہی تھی۔
اس موقع پر ایک نیم برہنہ حالت میں موجود شخص بھی پولیس اہلکار اور خاتون اہلکار کے ساتھ بچی کو بچانے کی کوشش میں شامل ہو گیا، جبکہ نیچے کھڑے ایک راہگیر کو سیڑھی لاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔جیسے ہی بچی کی گرفت کمزور ہونے لگی، تمام افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے محفوظ طریقے سے سنبھال لیا۔
بچی کے والد نے پولیس اہلکار اور اس شخص کو، جس نے بچی کو پکڑنے میں مدد دی، ''بہترین ہیرو'' قرار دیا۔ اسی طرح دکان کے مالک نے بھی واقعے کے وقت موجود پولیس افسر اور دوسرے مددگار کو ''ہیروز'' قرار دیا۔