ورلڈ کپ: ارجنٹائن کی ٹیم نے اپنے روایتی کھانے کا خصوصی بار بی کیو قائم کرلیا
ارجنٹائن کل گروپ مرحلے کے دوسرے دور میں آسٹریا کا سامنا کرنے کی تیاری کر رہا
ارجنٹائن کی ٹیم نے ورلڈ کپ 2026 میں گروپ مرحلے کے دوسرے راؤنڈ میں آسٹریا کے خلاف میچ سے پہلے ایک روایتی بڑا باربی کیو منعقد کیا جو مختلف اقسام کے گوشت اور پنیر پر مشتمل تھا۔
یہ ایک ایسی روایت ہے جس پر دنیا کے چیمپئن موجودہ ایڈیشن میں بھی عمل پیرا ہیں۔
ارجنٹائن کی ٹیم کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹنیز نے اپنے ذاتی "انسٹاگرام" اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں ٹیم کے شیف مختلف اقسام کے بیف، اوجڑی اور چکن کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے پنیر کی ایک بڑی مقدار کو گرل کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
مارٹنیز نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس ضیافت کے سامنے ماہرینِ غذائیت کہاں ہیں؟ پریشان نہ ہوں میز پر موجود ہر چیز ہلکی پھلکی ہے۔ ٹیم کے کھلاڑی لاؤتارو مارٹنیز اور جولیانو سمیونی شیفس کی مدد کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
ارجنٹائن پیر کے روز گروپ مرحلے کے دوسرے دور میں آسٹریا کا سامنا کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس نے پہلے دور میں الجزائر کو لیجنڈ لیونل میسی کی ہیٹرک کی بدولت شکست دی تھی۔ اس کے بعد میسی جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے برابر ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے بڑے سکورر بن گئے ہیں۔