مصر کے مغربی صحرا میں بازنطینی دور کے ایک شہر کے بارے میں ہفتہ کے روز اعلان کیا گیا ہے کہ اس کے قدیمی آثار اب بھی موجود ہیں۔
یہ مصری شہر سکندریہ کے قریب ایک نخلستان اور دیگر قدیمی آثار کی نئی دریافتوں میں سے ایک ہے۔ حکومت اسے ایک اہم سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ بنائے گی۔
یہ صدیوں پرانا شہر دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک نادر جگہ ہوگی۔ معاشی اعتبار سے مشکلات کا شکار رہنے والے مصر میں سیاحت ایک اہم ذریعہ آمدنی ہے۔
وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ چوتھی صدی سے متعلق یہ نئی دریافتیں اقتصادی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم ثابت ہوں گی۔ یہ اس دور کی نشانیاں ہیں جب مصر بازنطینی سلطنت میں شامل تھا۔
مصری عجائبات سے متعلق سپریم کونسل کے سیکرٹری جنرل ہشام نے کہا ان دریافتوں سے شمال اور جنوب کے درمیان قدیمی سڑکیں ملی ہیں۔ جن کے ساتھ جڑی گلیاں مشرق و مغرب میں کھلتی ہیں۔ علاوہ ازیں کئی چوک و چوراہے اور عوامی مقامات کی بھی دریافتیں ہوئی ہیں۔
آثار قدیمہ سے متعلق امور کی سربراہی کرنے والے محمود مسعود کے مطابق چوتھی صدی سے تعلق رکھنے والے اس شہر میں ایک چرچ کے آثار بھی ملے ہیں جو شہر کے مرکزی راستے کے قریب ہے۔ جبکہ مضافاتی علاقوں کی نگرانی کے لیے 'واچ ٹاورز' کی نشانیاں بھی ملی ہیں۔
محمود مسعود نے ان نو دریافت شدہ شہر میں ایسی موٹی دیواروں کا بھی حوالہ دیا جو دفاعی اہمیت کی حامل تھیں جبکہ ایک بھاری قلعے کا ڈھانچہ بھی دریافت کیا گیا ہے۔
ماہرین آثار قدیمہ نے روٹی بنانے کے تندور اور باورچی خانوں سے متعلق دیگر اشیاء کے علاوہ پتھروں کو کوٹنے اور پیسنے والے آلات بھی دریافت کیے ہیں جنہیں خوراک پیدا کرنے کے لیے اوزار کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ علاوہ ازیں کانسی کے سکے بھی دریافت کا حصہ ہیں۔ جن پر بازنطینی بادشاہوں کی تصویریں بنی ہوئی ہیں۔ نیز عیسائی علامتیں بھی ان سکوں پر نمایاں ہیں۔ بعض سونے کے سکے بھی دریافت کیے گئے ہیں۔
ایک انسانی دفن شدہ ڈھانچے سے سونے کے 4 ٹکڑے ملے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ اس زمانے کے جنازے متعلق رسوم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔
کئی برسوں سے سیاسی بے چینی اور تشدد کے واقعات کے علاوہ کورونا وائرس کی زد میں رہنے والے مصر میں از سر نو سیاحت کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
پچھلے سال سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1 کروڑ 90 لاکھ سیاحوں نے مصر کا دورہ کیا۔ جو سال 2024 کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ تعداد ہے۔
موجودہ سال 2026 کے دوران صرف پہلے 4 مہینوں میں 61 لاکھ سیاح مصر آچکے ہیں۔ پچھلے سال کے پہلے 4 ماہ کے مقابلے میں یہ تعداد 4 لاکھ زیادہ ہے۔