سعودی عرب کا پاکستان سمیت7 ممالک کے شہریوں کے لیے سیاحتی پیکجز ویزا کا اجرا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

سعودی عرب نے ویژن 2030 کے آغاز سے ہی مملکت آنے والے سیاحوں کے سفر کو آسان اور بہتر بنانے کے لیے متعدد نئی سہولتیں متعارف کرائی ہیں، تاکہ وہ ملک کے سیاحتی، ثقافتی اور قدرتی مقامات سے بہتر انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔

ان سہولتوں میں الیکٹرانک سیاحتی ویزا، آمد پر ویزا (Visa on Arrival) اور ٹرانزٹ ویزاشامل ہیں۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے سعودی وزارتِ سیاحت نے ایک نئی آزمائشی سروس سیاحتی پیکج ویزا متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد سیاحوں کے سفر کے تجربے کو مزید بہتر بنانا اور پہلے سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

اس وقت سیاحتی پیکج ویزاکی سہولت سات ممالک کے شہریوں کے لیے دستیاب ہے، جن میں پاکستان، میکسیکو، انڈونیشیا، مصر، بھارت، بنگلہ دیش اور اردن شامل ہیں۔

یہ ویزا سیاحتی پیکج خریدنے کے بعد الیکٹرانک طور پر جاری کیا جائے گا اور پیکج کی خریداری مکمل ہونے کے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

سعودی وزارتِ سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ مستقبل میں اس سہولت سے مستفید ہونے والے ممالک کی فہرست میں مزید توسیع کی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو مملکت میں سیاحت کے متنوع تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکے۔

سیاحتی پیکج ویزا کی مجموعی فیس تقریباً 402اعشاریہ21 سعودی ریال ہے، جس میں ویزا کے اجرا کی فیس اور انشورنس پالیسی کی فیس دونوں شامل ہیں۔

یہ ویزا سیاحتی پیکج کی خریداری مکمل ہوتے ہی فوری طور پر الیکٹرانک انداز میں جاری کر دیا جاتا ہے، اس کے لیے نہ تو سفارت خانے جانے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی الگ سے ویزا درخواست جمع کرانا پڑتی ہے۔

اس سیاحتی پیکج میں ہوائی ٹکٹ، لائسنس یافتہ سیاحتی رہائش گاہ میں قیام اور الیکٹرانک ویزاایک ہی مربوط بکنگ کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں، تاکہ سیاح کا سفر زیادہ آسان اور سہل بنایا جا سکے۔

سیاحتی پیکج ویزا کی مدتِ کار 3 ماہ

سعودی وزارتِ سیاحت کی ویب سائٹ کے مطابق سیاحتی پیکج ویزا جاری ہونے کے بعد اسے منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ اگر سیاحتی پیکج منسوخ کیا جائے تو ویزا بھی خودکار طور پر منسوخ ہو جائے گا۔

اس ویزا کی مدتِ کار تین ماہ ہے، جو سفر کی مقررہ تاریخ سے شروع ہوتی ہے، یہ مملکت میں صرف ایک مرتبہ داخلے (سنگل انٹری) کے لیے کارآمد ہوگا۔

سیاحوں کے سفر کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کی کوشش

سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ سیاحتی پیکج ویزا مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کے لیے زیادہ جامع، آسان اور ہموار سفری تجربہ فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی سیاحتی نظام مملکت آنے والے زائرین کے تجربے کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کی آمد کو آسان بنانے اور ان کے سفر کو زیادہ خوشگوار بنانے والی مختلف سہولتوں کو یکجا کر کے سعودی عرب کو ایک نمایاں عالمی سیاحتی منزل کے طور پر مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔

سیاحتی پیکج ویزا کے لیے کم از کم شرائط

سعودی وزارتِ سیاحت نے سیاحتی پیکج ویزا کے لیے چند بنیادی شرائط مقرر کی ہیں، جن میں وزارتِ سیاحت سے لائسنس یافتہ کم از کم چار ستارہ ہوٹل میں تصدیق شدہ بکنگ اور آمد و رفت (ریٹرن) کی تصدیق شدہ فضائی ٹکٹ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایک بالغ مسافر کے لیے سیاحتی پیکج کی کم از کم مالیت 4 ہزار سعودی ریال ہونی چاہیے، جو پیکج کے ابتدائی دو دنوں کا احاطہ کرے۔ اگر قیام دو دن سے زیادہ ہو تو ہر اضافی دن کے لیے ایک ہزار سعودی ریال مزید پیکج میں شامل کرنا ہوگا۔

وزارت کے مطابق سیاحتی پیکج کی کم از کم مدت دو دن جبکہ زیادہ سے زیادہ مدت 88 دن مقرر کی گئی ہے۔ یہ بھی لازمی ہوگا کہ ہوٹل میں قیام کی مدت فضائی ٹکٹ میں درج آمد اور روانگی کی تاریخوں کے مطابق ہو، تاکہ رہائش پوری سفری مدت کا احاطہ کرے۔

سعودی وزارتِ سیاحت کا کہنا ہے کہ سیاحتی پیکجز کی یہ آزمائشی سروس خصوصاً موسمِ گرما میں مزید غیر ملکی سیاحوں کو مملکت کی جانب راغب کرنے میں مدد دے گی۔ گزشتہ سال سعودی عرب میں تقریباً 123 ملین (12 کروڑ 30 لاکھ)زائرین آئے اور سیاحتی ترقیاتی منصوبوں کے حجم کے اعتبار سے سعودی عرب مشرقِ وسطیٰ کی سب سے بڑی سیاحتی منڈی بن چکا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں