سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان اور مصری وزیر خارجہ، ہجرت و بیرون ملک مقیم مصریوں کے امور کے وزیر ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے دو الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے۔
سعودی پریس ایجنسی "واس" کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے موجودہ حالات کی پیش رفت اور تناؤ کو کم کرنے اور سفارتی حل کو فروغ دینے کے لیے کوششوں کو جاری رکھنے کے ایسے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جن سے عرب خلیج اور بحیرہ احمر میں آبی گزرگاہوں کی سکیورٹی اور سلامتی کو یقینی بنانے اور خطے کی سکیورٹی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے۔
قطر نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے تعلقات اور ان کی حمایت و فروغ کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ دونوںرہنمائوں نے علاقائی پیش رفت، خاص طور پر کی جانے والی سفارتی کوششوں اور تناؤ کو کم کرنے اور خطے میں یکیورٹی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا۔
قطری وزیر خارجہ نے فریقین کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی پابندی کرنے اور امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کی ضمانت اور خطے کی سکیورٹی کو برقرار رکھنے اور حاصل کردہ کامیابیوں کی حفاظت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے ملک کی طرف سے تناؤ کو ختم کرنے اور خطے میں پائیدار امن حاصل کرنے والے ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کی تمام کوششوں کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔