مصر میں لاپتا ہونے والا فلسطینی نوجوان اسرائیل میں زیر حراست

غزہ سے تعلق رکھنے والے سابق پولیس اہلکار کی سکیورٹی سے متعلق الزام میں گرفتاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

مصر کے سفر کے دوران اس ماہ لاپتا ہونے والا ایک فلسطینی نوجوان اس وقت اسرائیل کے زیر حراست ہے اور اس پر مبینہ طور پر سکیورٹی کی خلاف ورزی کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

غزہ سے تعلق رکھنے والے پینتیس سالہ نوجوان وائل ابو رضا کے اسرائیلی وکیل اور ان کے خاندان نے ان کے اسرائیل کے زیر حراست ہونے کی اطلاع دی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تک اس بات سے بے خبر ہیں کہ وہ اسرائیل کیسے جا پہنچے ہیں۔

ابو رضا کی اہلیہ امانی نے بتایا ہے کہ ''وہ دوہفتے قبل مصری دارالحکومت قاہرہ میں اپنے بیٹے کے علاج کے لیے گئے تھے اور اس سفر میں وہ بھی ان کے ساتھ تھیں۔وہیں ان کے خاوند کو ان کے ایک دوست کی فون کال موصول ہوئی جس میں انھیں سیناء پہنچنے کے لیے کہا گیا۔اس کے بعد ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں گئے''۔

اسرائیل کے پبلک ڈیفینس دفتر کا کہنا ہے کہ اسے بائیس جون کو ابو رضا کا کیس موصول ہوا تھا اور ان کے دفاع کے لیے علزیادنہ کمال کو وکیل مقرر کیا گیا ہے۔وکیل کمال سے جب ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ''کیس فوجداری نہیں بلکہ سکیورٹی نوعیت کا ہے''۔

انھوں نے مزید بتایا کہ وہ ان حالات سے آگاہ نہیں ہیں جن کے تحت ابو رضا کو اسرائیل لایا گیا تھا۔انھوں نے اسرائیل کے ایک عدالتی حکم کا حوالے دیتے ہوئے اس کیس کے بارے میں مزید گفتگو سے انکار کیا ہے۔

ابو رضا کے بھائی ابراہیم اور ان کے خاندان کے دوسرے افراد ابھی تک اس تمام معاملے سے بے خبر ہیں کہ یہ سب کچھ کیسے رونما ہوگیا ہے۔ان کی اہلیہ امانی کا کہنا تھا کہ ''ابو رضا سابق پولیس اہلکار ہیں۔2007ء میں جب حماس نے اپنے حریف فلسطینی اتھارٹی کے حامیوں کو غزہ سے نکال باہر کرکے اپنا نظم ونسق قائم کیا تھا تو وہ اپنی ملازمت سے محروم ہوگئے تھے۔ان کا کسی مزاحمتی تنظیم سے بھی تعلق نہیں رہا ہے''۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے غزہ سے تعلق رکھنے والے اس فلسطینی کی گرفتاری کے حوالے سے کچھ بتانے سے گریز کیا ہے کہ اس کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی ابو رضا کا سراغ لگانے اور ان کے خاندان کو ان کے اتا پتا کے بارے میں دستیاب معلومات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں