عراق: مغربی صوبہ الانبار میں 8 خودکش بم دھماکے، 6 افراد ہلاک
خودکش بمباروں کے پولیس ہیڈ کوارٹرز اور مقامی کونسل کی عمارت پر حملے
عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال مغربی علاقوں میں اتوار کو آٹھ خود کش بمباروں نے سکیورٹی فورسز اور مقامی حکومت کی عمارت پر حملے کیے ہیں۔ان میں چھے افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق مغربی صوبہ الانبار کے علاقے راوا کی مقامی کونسل کی عمارت اور پولیس ہیڈکوارٹرز پر خود کش بم حملوں کے نتیجے میں کونسل کے تین ارکان اور تین پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
علاقے کے پولیس ہیڈکوارٹرز پر تین خودکش بمباروں نے حملہ کیا تھا۔ان میں سے دو پیدل تھے اور ایک نے اپنی بارود سے بھری گاڑی عمارت سے ٹکرا دی۔ایک اور خودکش بمبار نے اپنی بارود سے بھری گاڑی شہر کے داخلی راستے میں فوج کے ایک چیک پوائنٹ سے ٹکرا دی۔
ادھرشمالی شہر سامراء میں ایک بمبار نے سنئیر پولیس افسرناصر داؤد کی قیام گاہ کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔اس سے قبل ایک اور دھماکا وہاں ہوا تھا اور لوگ جائے وقوعہ پر جمع تھے۔ناصر داؤد خود کش بم دھماکے کے وقت اپنے گھر سے باہر تھے۔حملے میں مرنے والوں اور زخمیوں میں ان کے عزیزواقارب شامل ہیں۔
اے ایف پی کے سکیورٹی اور میڈیکل ذرائع کے حوالے سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں اب تک عراق میں بم دھماکوں اور تشدد کے دوسرے واقعات میں 440 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال کے آغاز سے اب تک 5150 افراد مارے گئے ہیں۔
فوری طور پر کسی گروپ نے اتوار کو ہوئے ان خودکش بم حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔واضح رہے کہ دہشت گرد اور جنگجو گروپ عراق کے شہروں کے مصروف مقامات بازاروں ،مارکیٹوں ،ریستورانوں ،اسٹیڈیمز اور بس اڈوں کو اپنے بم حملوں میں نشانہ بنا رہے ہیں۔