جنیوا مذاکرات کی ناکامی، ذمہ دار مغربی ممالک ہیں: ایران
جواد ظریف نے فرانسیسی وزیر خارجہ کا بھی نام لیے بغیر ذکر کیا
وزیر خارجہ ایران جواد ظریف نے جنیوا میں ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے اتفاق نہ ہو سکنے کی ذمہ داری مغربی ممالک پر ڈالتے ہوئے کہا ہے مذاکرات کی ناکامی ایران کی وجہ سے نہیں بلکہ مغربی ملکوں کے باہمی اختلاف کی وجہ بنی ہے۔
متنازعہ ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکا اور دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے دو طرفہ تجاویز پر مختلف سطحوں پر مکالمہ چل رہا تھا، جس کے نتیجے میں جنیوا میں ماہ اکتوبر اور ماہ نومبر کے دوران مذاکرات کے دو ادوار ہو ئے لیکن ایرانی توقع کے مطابق نتائج سامنے نہ آ سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ کی طرف سے اس الزام سے پہلے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ابوظہبی میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران جنیوا مذاکرات کے دوران حتمی مرحلے میں پیش کی جانے والی تجویز پر فوری فیصلہ کرنے سے معذور رہا۔
اس صورت حال میں ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اشارتا فرانس کے وزیر خارجہ لاورینٹ فیبئیس کا ذکر کیا جن کے بارے میں تاثر ہے کہ انہوں نے امکانی سمجھوتے کو خراب کیا۔
واضح رہے فرانس کے وزیر خارجہ نے ہفتے کے روز جنیوا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں اسرائیلی تشویش کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا ''فرانس ایک احمقانہ کھیل قبول نہیں کر سکتا ۔'' گویا ایران کے ساتھ ایک کمزور ڈیل نہیں کر سکتے۔