.

دنیائے صحافت کی چوتھی عالمی کانفرنس کا سعودی عرب میں انعقاد

کانفرنس میں دنیا بھر سے112 خبر رساں اداروں کی نمائندگی ہو گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیائے صحافت کی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس [NAWC] سوموارکو سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہو رہی ہے۔کانفرنس میں دنیا بھر کے 112 خبررساں اداروں کے مندوبین شرکت کریں گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق "اکیسویں صدی اورصحافت کی تشکیل نو"کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس اپنی نوعیت کی اب تک کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔ کانفرنس میں ایک سوبارہ عالمی خبر رساں اداروں کے مندوبین کے علاوہ عالمی زبانوں کے 30 ترجمان ان کی رہ نمائی کا فریضہ انجام دیں گے۔ کانفرنس میں جدید فنون صحافت، خبر رساں اداروں کی ذمہ داریوں اورصحافت کے لیے جدید مواصلاتی آلات کے استعمال سے متعلق مفصل مقالے پیش کیے جائیں گے۔

اخبار "الریاض" کے مطابق سعودی وزیر برائے ثقافت واطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیزخوجہ کا کہنا ہے کہ عالمی خبر رساں اداروں کی یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب پوری دنیا میں مواصلاتی آلات ، معلومات کے تبادلے کے لیے جدید ترین ذرائع کا استعمال اور جدید اسلوب صحافت کا ایک انقلاب برپا ہوچکا ہے۔

اس مواصلاتی سائنسی انقلاب نے جہاں معلومات کی فراہمی کوایک نئی جہت دی ہے وہیں عالمی صحافتی اداروں میں ایک مقابلے کی کیفیت بھی پیدا کردی ہے۔ مقابلے کی اس دوڑمیں خبر رساں ادارے کیسے کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ریاض کانفرنس کا مقصد خبر رساں اداروں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے اور جدید ذرائغ ابلاغ کا مقابلہ کرنے کےطریقوں سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا ایک مقصد غیرجانب دارخبریت، ابلاغی شعور میں وسعت کے ساتھ جدید مواصلاتی آلات کے استعمال اور پرخطر محاذوں پرصحافتی جہاد کرنے والے صحافیوں کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔