.

مصر: حمدین صباحی صدارتی امیدوار کے طور پر سامنے

انہوں نے 17 صوبوں سے ووٹروں کے 31100 تائید حاصل کی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے صدارتی انتخاب کیلیے امیدوار حمدین صباحی نے اپنے کاغذات نامزدگی ہفتے کے روز جمع کرا دیے ہیں۔ وہ ماہ مئی کے اواخر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں سابق فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے مقابل ہوں گے۔ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی ان دنوں عوامی سطح پر مقبول امیدوار کے طور پر موجود ہیں۔

بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے حمدین صباحی نے مصر کے 17 صوبوں سے 31100 ووٹروں کی تائید حاصل کی ہے۔ واضح رہے قانون کے مطابق کسی صدارتی امیدوار کے لیے ملک بھر سے 25000 ووٹڑ ز کی تائید پیشگی بنیادوں پر حاصل کرنا ضروری ہے۔

صباحی نے ہفتے کے روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد اپنے حامیوں سے بات کرتے ہوئے کہا '' ہم اللہ کی مدد سے ایک فاتحانہ لڑائی لڑیں گے۔'' تاہم صباحی سمجھتے ہیں کہ انہیں فیلڈ مارشل السیسی کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہو گا۔ فیلڈ مارشل نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے دو لاکھ ووٹروں سے تائید حاصل کی تھی۔

فیلڈ مارشل السیسی نے پچھلے سال تین جولائی کو مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کیا تھا۔ مصر کے صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلیے کل اتوار کو آخری دن ہو گا۔ کاغذات نامزدگی داخل کراتے ہوئے حامدین صباحی کے حامی بڑی تعداد میں موجود میں تھے۔ ان کے حامی انہیں آزادی کی علامت سمجھتے ہیں۔