خانہ کعبہ میں توڑ پھوڑ کرنے والا 'پاگل' افریقی گرفتار
خانہ کعبہ میں ایک مخبوط الحواس شخص کی جانب سے توڑ پھوڑ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں اس کی گرفتاری کی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر مشتہر ویڈیو میں ایک ذہنی مریض، سیاہ فام، ننگ دھڑنگ شخص کو دیوار حجر اسماعیل پر چڑھتے اور وہاں پر لگے فانوس توڑتے دکھایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیکیورٹی حکام کو اطلاع ہونے پر چھ پولیس اہلکاروں نے اسے گھیر کر پکڑ لیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ویڈیو فوٹیج میں ایک دیوار حجر اسماعیل پر چڑھے محبوط الحواس شخص کو پکڑنے کے لیے چھ سیکیورٹی اہلکاروں نے اس کا گھیراؤ کیا۔ کارروائی کے دوران ایک اہلکار دیوار حجر کے پاس کھڑے ہو کر اسے باتوں میں لگایا اور دو سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے پیچھے سے جھپٹ کر پکڑ لیا۔ ایک دوسرے اہلکار نے آگے بڑھ کر اس کے ہاتھ سے کرسی چھین لی۔
خیال رہے کہ پاگل افریقی نے گذشتہ روز مسجد حرام میں دیوار حجر اسماعیل پر لگے فانوس توڑنا شروع کر دیے تھے۔ وہاں پر موجود کچھ عمرہ کے لیے طواف کرنے والوں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے جس پر حرم کے سیکیورٹی عملے کو مداخلت کرنا پڑی تھی۔