غزہ کی سرحد پر مصری فوجیوں پر بم حملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مصر کے غزہ کی پٹی کی سرحد کے ساتھ واقع قصبے رفح میں فوجیوں پر بم حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔البتہ فوجی اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔

مصری فوج جزیرہ نما سیناء کے شمالی حصے میں مشتبہ جنگجوؤں کے خلاف بڑی کارروائی کررہی ہے اور وہ رفح سے غزہ کی پٹی کی جانب زیر زمین سرنگوں کے ذریعے اسلحے کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔مصری حکام نے بم دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی سخت کردی ہے۔

رفح اور اس کے نواحی علاقوں میں پہلے ہی گذشتہ ہفتے فوجیوں پر تباہ کن بم دھماکے کے بعد سے ایمرجنسی نافذ ہے۔اس بم دھماکے میں اکتیس فوجی ہلاک ہوگئے تھے اور اس علاقے میں دہشت گردی کے کسی ایک واقعے میں مصری فوج کا یہ سب سے زیادہ جانی نقصان تھا۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ بم دھماکا فوج کی علاقے میں مکانات کو مسمار کرنے کے لیے بڑی کارروائی کے دوران ہوا ہے یا علاقے میں اسلامی جنگجوؤں کے حملے کا نتیجہ ہے۔

ابھی تک کسی گروپ نے اس بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے مگر اس علاقے میں قبل ازیں انصار بیت المقدس گروپ نے حالیہ مہینوں کے دوران مصری سکیورٹی فورسز پر متعدد بم حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔ ان حملوں میں بیسیوں فوجی اور پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔

حکام نے جزیرہ نما سیناء میں صبح سے شام تک کرفیو نافذ کررکھا ہے اور انھوں نے علاقے کی مرکزی شاہراہوں پر بکتربند گاڑیوں اور ٹینکوں کی آمد ورفت بھی ممکنہ بم حملوں سے بچنے کے لیے محدود کررکھی ہے۔

مصری فوج غزہ کی پٹی کے ساتھ علاقے میں پانچ سو میٹر چوڑا اور تیرہ کلومیٹر طویل بفر زون کے قیام کے لیے گذشتہ ایک ہفتے سے ایک بڑی کارروائی کررہی ہے جس کے دوران تین سو مکانات مسمار کیے جاچکے ہیں۔ فوجیوں نے آٹھ سو سے زیادہ مکانوں کو ہدف بنایا تھا اور ان میں دس ہزار سے زیادہ افراد مکین تھے۔

حکام نے علاقے کے مکینوں کو مکانات خالی کرنے کے لیے اڑتالیس گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا اور حکومت کی جانب سے یہ وعدہ کیا تھا کہ بے گھر ہونے والوں کو ان کے مکانوں کا معاوضہ دیا جائے گا۔علاقے کے مکین پہلے ہی ایک طویل عرصے سے قاہرہ حکومت پر خود کو دیوار سے لگانے کے الزامات عاید کررہے ہیں۔اب وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ انسداد دہشت گردی کے لیے اقدامات کے نام پر انھیں اجتماعی سزا دی جارہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں