مصری صدر السیسی کی پہلے دورے پر عمان آمد
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اردن کے پہلے دورے پر جمعرات کو دارالحکومت عمان پہنچے ہیں۔وہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
عمان میں متعین مصری سفیر خالد ثروت کا کہنا ہے کہ صدر السیسی کے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان درپیش ممکنہ علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
انھوں نے مصر کے سرکاری خبررساں ادارے مینا(مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ''مصر کی قومی سلامتی پر پڑنے والے اثرات اردن کو بھی متاثر کرتے ہیں اور اسی طرح اردن کی قومی سلامتی پر پڑنے والے اثرات سے مصر متاثر ہوتا ہے''۔
دونوں لیڈر اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن عمل کی بحالی کے سلسلہ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور فلسطینی علاقوں کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔