.

قاہرہ اور اسکندریہ میں بم دھماکے ،ایک شخص ہلاک

کسی گروپ نے گھریلو ساختہ بموں کے دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے دارالحکومت قاہرہ اور دوسرے بڑے شہر اسکندریہ میں گھریلو ساختہ بموں کے دھماکے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

قاہرہ میں قصرالنیل روڈ پر ایک مصروف چوک کے نزدیک گھریلو ساختہ بم کا دھماکا ہوا ہے۔مصر کے سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ بم بجلی کے ایک ٹرانسفارمر میں نصب کیا گیا تھا۔اس دھماکے سے ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔

ادھر اسکندریہ کے مغرب میں واقع نواحی علاقے میں پولیس کے ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک بم دھماکا ہوا ہے۔ اس دھماکے میں ایک شہری ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں میں ایک بارہ سالہ لڑکا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس بم دھماکے میں چیک پوائنٹ کو ہدف بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن اس کو پہلے والی جگہ سے آگے منتقل کردیا گیا تھا۔دھماکے میں ایک لڑکے سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے لیکن بعد میں ان میں سے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ہے۔

فوری طور پر کسی گروپ نے ان دونوں دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن جولائی 2013ء میں منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی مسلح افواج کے سربراہ کے ہاتھوں برطرفی کے بعد سے اسلامی جنگجو ملک کے بڑے شہروں اور خاص طور پر جزیرہ نما سیناء میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بم حملے کررہے ہیں۔

گذشتہ ہفتے مصر میں داعش سے وابستہ ایک جنگجو گروپ نے سیناء کے مختلف شہروں میں پے درپے بم حملے کیے تھے جن کے نتیجے میں تیس سکیورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔

درایں اثناء قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حکام نے مختلف ٹرمینلز سے دو بم ملنے کے بعد سکیورٹی سخت کردی ہے۔ائیرپورٹ سکیورٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ویڈیو فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔فوری طور پر کسی مشتبہ شخص کو یہ بم نصب کرنے کے الزام میں گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔