شام :داعش کے حملے میں 30 فوجی ہلاک
وسطی علاقے میں فوج کے ساتھ جھڑپ میں داعش کے 20 جنگجو بھی مارے گئے
شام کے وسطی علاقے میں سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامیہ (داعش) کے ایک حملے میں کم سے کم تیس سرکاری فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں داعش کے بیس جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔
برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اپنے نیٹ ورک کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے شام کے وسطی قصبے السخنہ اور اس کے آس پاس سرکاری فوج کے زیر قبضہ علاقوں پر بدھ کو ایک بڑا حملہ کیا ہے جس کے بعد ان کی فوجیوں کے ساتھ لڑائی شروع ہوگئی۔یہ قصبہ وسطی شہر حمص سے دو سو بیس کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
شامی فوج کے ایک ذریعے نے قبل ازیں اس حملے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ بعض مقامات پر حملہ آور جنگجوؤں کو پسپا کردیا گیا ہے اور بعض جگہوں پر ابھی لڑائی ہے۔