.

مصر: شمالی سیناء میں کار بم دھماکا، 4 پولیس اہلکار ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شورش زدہ صوبے شمالی سیناء کے دارالحکومت العریش میں ایک ہوٹل کے باہر خودکش کاربم دھماکے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے ہیں۔

مصری حکام کے مطابق العریش میں منگل کے روز جس ہوٹل کو کار بم حملے میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے،وہاں الیکشن کمیشن سے وابستہ جج صاحبان ٹھہرے ہوئے تھے۔یہ بم دھماکا مصر میں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کے ایک روز بعد ہوا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار نے اپنی بارود سے بھری کار ہوٹل کے اندر لے جانے کی کوشش کی تھی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کردی جس سے وہ ہلاک ہوگیا اور کار زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔زخمیوں میں دو جج بھی شامل ہیں۔

فوری طور پر کسی گروپ نے اس خودکش کار بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن داعش سے وابستہ گروپ صوبہ سیناء کے جنگجو آئے دن مصری سکیورٹی فورسز پر اس طرح کے حملے کرتے رہتے ہیں۔بم دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ زخمیوں کو ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔