.

قاہرہ : مصری فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کی سکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز دارالحکومت قاہرہ کے پوش علاقے معدی میں ایک جھڑپ کے دوران دو مشتبہ اسلامی جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور دو جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔اب سکیورٹی فورسز کے اہلکار ان کا پیچھا کررہے ہیں۔

ان ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پولیس کو مسلح جنگجوؤں کی علاقے میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔جب سکیورٹی فورسز کے اہلکار وہاں آئے تو انھوں نے فائرنگ شروع کردی اور پھر ان کے درمیان لڑائی چھڑ گئی۔سکیورٹی فورسز کو لڑائی کی جگہ کے قریب سے اسلحہ اور گولہ بارود ملا ہے۔

واضح رہے مصری دارالحکومت کے علاوہ دوسرے شہروں اور شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں داعش اور دوسرے گروپوں سے وابستہ جنگجو آئے دن فوج اور پولیس اہلکاروں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ان جنگجو گروپوں نے مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی جولائی 2013ء میں برطرفی کے بعد سے سکیورٹی فورسز کے خلاف جنگ برپا کررکھی ہے۔مصری حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں اب تک سیکڑوں سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔