عراق میں ٹیکنوکریٹ حکومت بنانے کی نئی ڈیڈ لائن جاری
ڈیڈ لائن ملک کے شعلہ بیان شیعہ رہنما مقتدی الصدر نے جاری کی ہے
عراق کے سرکردہ شیعہ رہ نما مقتدیٰ الصدر نے ہفتے کے روز اپنے ایک نئے بیان میں صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کو 72 گھنٹوں کے اندر اندر ٹیکنوکریٹ پر مشتمل حکومت تشکیل دینے کی آخری مہلت دی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الصدر کی جانب سے ہاتھ سے لکھے بیان کی نقول وزیراعظم حیدر العبادی کے تمام وزراء میں تقسیم کی گئی ہیں اوران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جلد ازجلد اپنے عہدے ٹیکنوکریٹ کے لیے خالی کردیں۔ دوسری جانب العبادی کی تجویز کردہ کابینہ کے خلاف عراقی پارلیمنٹ میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور حکومت کی تشکیل مسلسل ڈیڈ لاک کا شکار ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم حیدر العبادی نے بقیہ سیاسی امور کے حل کے لیے کم سے کم 45 دن کی مہلت مانگی ہے۔ البتہ وزیر اعظم کی جانب سے مقتدیٰ الصدر کی ڈیڈ لائن پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
مقتدیٰ الصدر نے اپنے بیان میں تین بڑے سیاسی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سیاسی گروپوں کی دباؤ میں آئے بغیرعوام کے مطالبات کو سامنے رکھتے ہوئے ٹیکنو کریٹ پر مشتمل قومی حکومت کی تشکیل کا اعلان کریں۔ ورنہ وہ عوام کے ساتھ مل کر دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ الصدر گروپ حکومت کی جانب سے عوامی جذبات کے خلاف اور گروہ بندی کی راہ پر چلنے والی سیاسی جماعتوں کے دباؤ سے نکلیں اور سیاسی گروپوں کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں۔