بشارالاسد کی الغوطہ میں وفادار فوجیوں کے ساتھ افطاری

صدر انواع واقسام کے کھانوں سے لطف اندوز، عوام فاقہ کشی پر مجبور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

شام کے متنازع صدر بشار الاسد نے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے مشرقی الغوطہ میں مرج السلطان ہوائی ڈے پر تعینات اپنے وفادار فوجیوں کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔ قبل ازیں وہ الغوطہ کے مقامات پر فوج کے زیرکنٹرول علاقوں میں اگلے مورچوں پر بھی گئے۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق صدر اسد نے مرج السلطان اڈے پر اپنے وفادار فوجیوں کے ہمراہ ایک ایسے وقت میں افطاری کی ہے جب مشرقی الغوطہ کے کئی دوسرے قصبے بالخصوص کفر بطنا، حموریہ، مسرابا، عربین اور حرستا میں ہزاروں کی تعداد میں مقامی باشندے محاصرے کے نتیجے میں فاقہ کشی کی زندگی گذارنے پرمجبور ہیں۔ مرج السلطان ہوائی اڈہ مشرقی الغوطہ کے ان محاصرہ زدہ علاقوں سے محض چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر صدر اسد کی دورہ مشرقی الغوطہ کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ انہیں اپنے وفادار فوجیوں کے ہمراہ افطاری میں بھی شریک دکھایا گیا ہے۔ سفید ٹی شرٹ زیب تن کیے بشار الاسد کو فوجی افسران کے گھیرے میں بیٹھے دکھایا گیا ہے اور ان کے سامنے انواع اقسام کے کھانے رکھے گئے ہیں۔

ایک دوسری تصویر میں بشارالاسد کو فوجیوں کی بریفنگ سنتے اور ایک تصویر میں اپنے مورچے میں متمرکز فوجی سے بات چیت کرتے دکھایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مرج السلطان ہوائی اڈہ اور اس کے مضافات میں کئی دوسرے قصبات پر شامی فوج نے لبنانی حزب اللہ کی معاونت سے گذشتہ برس دسمبر میں دوبارہ قبضہ حاصل کیا تھا۔ دو سال قبل شامی انقلابیوں نے یہ علاقے شامی فوج سے چھین لیے تھے۔

مشرقی الغوطہ کا علاقہ ایک سال سے زاید عرصے سے صدر بشار الاسد کی وفادار فوج اور ملیشیا کے محاصرے میں ہے۔ محصور مقامی شہریوں کو خوراک اور ادویہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں