شام: امریکی اتحاد کے طیاروں کی انتباہ کے بعد داعش کے ٹرکوں پر بمباری
امریکا کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے شام میں داعش کے زیر قبضہ علاقے میں ایندھن لے کر جانے والے ٹرکوں کے ڈرائیوروں کو بمباری سے قبل انتباہ کیا ہے جس کے بعد ڈرائیور متعدد گاڑیاں بھگا کر لے جانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
داعش مخالف اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے روز عراق کی سرحد کے ساتھ واقع قصبے البوکمال کے نزدیک بمباری کرکے 83 آئیل ٹینکروں کو تباہ کردیا تھا۔امریکا کی قیادت میں داعش مخالف مشن نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ''حملے کے آغاز سے قبل پائیلٹوں نے متعدد انتباہی فائر کیے تھے تاکہ ٹرک ڈرائیور علاقے سے چلے جائیں''۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتباہی شاٹس کے بعد متعدد آئیل ٹینکر ٹرک وہاں سے چلے گئے تھے اور پھر ان کا پیچھا نہیں کیا گیا۔باقی ٹینکر وہاں کھڑے تھے اور ان میں حملے کے وقت کوئی ڈرائیور موجود نہیں تھا۔
اس احتیاط کے پیچھے یہ محرک کارفرما تھا کہ داعش اپنے زیر قبضہ علاقوں میں ٹرک ڈرائیوروں کو مال برداری کے لیے مجبور کرتے ہیں اور یہ ضروری نہیں کہ ان ٹرک ڈرائیوروں کا داعش سے کوئی تعلق بھی ہو۔لڑاکا طیاروں کے پائلٹوں نے اتوار کو حملے سے قبل انتباہی ورقے نہیں پھینکے تھے بلکہ انتباہی فائر کیے تھے۔
گذشتہ سال اتحادی طیاروں نے صرف دو حملوں میں صحرا میں تیل کی بھرائی کے لیے کھڑے قریباً چارسو ٹینکروں کو تباہ کردیا تھا۔ان حملوں کے وقت پائیلٹوں نے ڈرائیوروں پر انتباہی ورقے گرائے تھے۔اس کی اطلاع منظرعام پر آنے کے بعد بعض ری پبلکن ارکان نے اوباما انتظامیہ پر تنقید کی تھی اور بعض ناقدین کا کہنا تھا کہ اوباما انتظامیہ ٹرک ڈرائیوروں پر حملوں میں زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کررہی ہے۔