علاج کے نام پر خواتین کی "برہنہ" تصاویر ، جعلی عامل گرفتار
مصر میں پولیس نے ایک جعلی عامل کو گرفتار کیا ہے جو اپنی شعبدے بازی کے ذریعے لوگوں کا مال ہتھیانے اور خواتین کی آبرو سے کھیلنے کا عادی تھا۔ اس عامل کا دعوی تھا کہ وہ خواتین اور مردوں میں بانجھ پن ، کنواری خواتین کی شادی، محبوب کو قدموں میں لانے ، جادو کی بندش اور لاپتہ افراد کی واپسی جیسے مسائل کو حل کر سکتا ہے۔
یہ فریبی نام نہاد عامل مردوں اور خواتین سے ایک ملاقات کے 3000 مصری پاؤنڈ (300 ڈالر سے زیادہ) تک وصول کرلیتا تھا۔ معاملہ یہاں تک محدود نہیں رہا بلکہ اس نے دھوکہ کھانے والی خوب صورت خواتین کی "برہنہ" تصاویر بھی اتاریں جس کے بارے میں اس کا کہنا تھا کہ یہ عمل ان خواتین کی خواہشات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مصری پولیس نے ایک خفیہ خاتون اہل کار کو علاج کے بہانے سے بھیجا اور اس کے ذریعے مذکورہ فریبی عامل کو پکڑ لیا۔ ملزم کے قبضے سے جادو اور گنڈے سے متعلق کتابیں ، فریب کا شکار بننے والی متعدد خواتین کی "برہنہ" تصاویر اور 6000 مصری پاؤنڈ (600 ڈالر سے زیادہ) کی رقم برآمد کر لی۔
استغاثہ کی جانبسے تحقیقات کے دوران مذکورہ جعلی عامل نے خود پر عائد کیے جانے والے الزامات کو مستر کر دیا۔ ملزم نے کہا کہ وہ اپنے گاہکوں کی مدد کے سلسلے میں تعویذ کے ذریعے ان کا علاج کیا کرتا تھا اور سیٹلائٹ چینلوں پر دو منٹ کے اشتہار کے لیے 1000 مصری پاؤنڈ ( 100 ڈالر سے زیادہ) کی ادائیگی کرتا ہے۔