یونان میں پناہ نہ ملنے پر مایوس شامی شہری کی خود سوزی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یونان اور عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونان میں پناہ کے متلاشی ایک شامی شہری نے پناہ نہ ملنے پر مایوسی کے عالم میں خود سوزی کی کوشش کی جس کے نتیجے میں اس کا 90 فی صد جسم جھلس گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ المناک واقعہ جمعرات کی شام ترکی کے ازمیر شہر کے بالمقابل یونانی جزیرہ ’خیوس‘ میں پیش آیا۔

ذرائع ابلاغ پر سامنے آنے والی ایک فوٹیج میں ایک شخص کو خود کو آگ لگاتے دکھایا گیا ہے۔ خود سوزی کرنے والے شخص نے اپنے جسم پر تیل چھڑکا اور پھر سگریٹ سلگا کر اسے آگ لگا دی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق خود سوزی کرنے والے شخص کا تعلق شام سے ہے۔ 29 سالہ پناہ گزین شہری کا کہنا ہے کہ وہ یونان میں پناہ لینے کے لیے آیا ہے مگر حکام نے اسے پناہ دینے کے بجائے بدسلوکی کا نشانہ بنایا اور واپس شام بھیجنے کی دھمکی دی جس کے ردعمل میں اس نے خود سوزی کا انتہائی خطرناک قدم اٹھایا ہے۔

خود سوزی کرنے والے شہری کو بچانے کے لیے دو پولیس اہلکاروں نے بھرپور کوشش کی۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار کا ایک ہاتھ اور چہرہ بھی جھلس گیا۔ پولیس اہلکار کو بھی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یونانی خبر رساں ادارے’ANA‘ کے مطابق خود سوزی کرنے والے شخص کا 90 فی صد جسم جھلس چکا ہے۔ اسے جزیرہ ’خیوس‘ کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے مگر اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔


مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں