شام میں روس کا نیا فوجی اڈا قائم، السین ایران کے حوالے

جنگ زدہ ملک غیرملکی افواج کا اکھاڑا بن گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

شام میں دمشق کے مشرق میں روس نے اپنا ایک نیا فوجی اڈا قائم کیا ہے اور اس سے تھوڑے فاصلے پر واقع ’السین ہوائی اڈا‘ ایران کے حوالے کردیا گیا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے اس کو اپنا مستقر بنا رکھا ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عراق کی سرحد کے قریب واقع شامی شہر التنف پر امریکی فوج نے اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے مزید کمک بھیجی ہے۔

شامی اپوزیشن کےایک ذمہ دار ذریعے نے پان عرب روزنامہ ’الشرق الاوسط‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روس کا نیا فوجی اڈا بئر القصب کے قریب راس الوعر کے قصبے خربہ میں قائم کیا گیا ہے۔ شام میں روسی مداخلت کے بعد ماسکو کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔

راس الخربہ قصبہ دمشق سے 50 کلو میٹر، وادی گولان سے 85 اور جنوب میں الھضبہ سے 110 کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ اس لیے اس قصبے کو جغرافیائی اعتبار سے غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے۔یہ قصبہ اردن سے 96، امریکی فوج کے زیرکنٹرول التنف شہر سے 185 کلو میٹر دور ہے۔

خیال رہے کہ شامی صدر بشارالاسد اپنے اقتدار کی بقاء کے لیے کبھی روس، کبھی ایران اور کبھی حزب اللہ جیسی قوتوں کی بیساکھیوں کا سہارا لیتے رہے ہیں۔ شام میں ایرانی پاسداران انقلاب کی پروردہ کئی ملیشیائیں بشارالاسد کے دفاع میں لڑ رہی ہیں۔ اب دمشق سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ’السین‘ ہوائی اڈا پاسداران انقلاب کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

شام میں غیرملکی افواج کے اڈوں کی تفصیل حسب ذیل ہے:

شمال مشرقی شام میں عراق کی سرحد سے متصل رمیلان، کوبانی، المبروکہ، تل بیدر اور شام اور ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع شہر تل ابیض کے اڈوں کو امریکی فوج استعمال کررہی ہے۔ اس کے علاوہ اردن، عراق اور شام کے سرحد پر واقع التنف شہر میں امریکا اور برطانیہ کا مشترکہ کنٹرول ہے جہاں ان کی فوج اپنی حامی ملیشیاؤں کو داعش کے خلاف لڑائی کے لیے عسکری تربیت بھی دے رہے ہیں۔

حماہ کا فوجی اڈا، اللاذقیہ، اور طرطوس فوجی اڈے روس کے استعمال میں ہیں۔ اب روس البادیہ کے مقام پر نیا اڈا قائم کررہا ہے۔

دمشق بین الاقوامی فوجی اڈے کاکنٹرول ایران کے پاس ہے۔ ’شیشے کا گھر‘ قرار دیے جانے والے اس فوجی اڈے کے علاوہ حلب میں القنیطرہ کے مقام پر قائم فوجی اڈا انتہائی خطرناک قرار دیا جاتاہے۔ یوں سرزمین شام غیرملکی افواج کا اکھاڑا بنی ہوئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں