دیر الزور میں بشار کی فوج اور داعش کے درمیان شدید لڑائی
شام کے شہر دیر الزور کے علاقے الثغرہ میں داعش تنظیم نے شامی فوج پر جوابی حملے کی کوشش کی ہے۔ شامی فوج منگل کے روز اس علاقے کو کھولنے میں کامیاب ہو گئی تھی جب کہ داعش کی کوشش ہے کہ وہ دیر الزور اور بشار فوج کے زیر کنٹرول دیگر علاقوں میں بریگیڈ 137 کا محاصرہ کر لے۔
شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ "المرصد" کے مطابق داعش تنظیم نے الثغرہ کے علاقے میں شامی فوج کے ٹھکانوں کو 6 کار بموں کے ذریعے نشانہ بنایا جب کہ اس دوران فریقین کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔
المرصد نے مزید بتایا کہ شامی فوج اور اس کے زیر انتظام ملیشیاؤں نے روسی طیاروں کی مدد سے الثغرہ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پھر سے اس پر قبضہ کرنے سے روک دیا۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مخلتف ذرائع سے موصول ہونے والی اُن انٹیلی جنس معلومات کی تصدیق کر لی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ دیر الزور شہر کے داخلی راستے اور اطراف کے علاقے روس اور آزاد ریاستوں کی دولت مشترکہ سے آنے والے عناصر کے قبضے میں تھے۔