.

لندن: میٹرو اسٹیشن میں دھماکا ، 18 افراد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لندن کے ایک زیرِ زمین میٹرو اسٹیشن کے اندر جمعے کی صبح ہونے والے دھماکے میں کم از کم 18 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ برطانوی دارالحکومت کے مغربی علاقے فلہم میں پارسنز گرین کے اسٹیشن میں ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں بعض مسافروں کے چہرے بھی جھلس گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کو دہشت گرد کارروائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ایمبولینس سروس نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ " ہم نے 18 زخمیوں کو لندن کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا ہے البتہ ان میں سے کسی کی حالت بھی تشویش ناک نہیں"۔

لندن ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹوئیٹر کے ذریعے اعلان کیا کہ "اِرلز كورٹ" اور "ویمبلڈن" کے میٹرو اسٹیشنوں کے درمیان سروس کو روک دیا گیا ہے۔ پولیس نے لوگوں کو "پارسنز گرین" اسٹیشن سے دُور رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں جب کہ ایمبولینس کی گاڑیاں مغربی لندن میں واقع متاثرہ میٹرو اسٹیشن کے اطراف میں پھیل گئی ہیں۔

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

مے کا کہنا ہے کہ "مجھے پارسنز گرین دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی فکر ہے۔ ہماری ہنگامی ٹیمیں اس دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک مرتبہ پھر تیزی اور دلیری کے ساتھ حرکت میں آئیں"۔