.

’’بابا مجھے بچا لو‘‘ فضائی حملے کے بعد ملبے تلے دبی شامی بچی کی پکار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شامی فوج اور رو س کے لڑاکا طیاروں کی ایک رہائشی علاقے پر تباہ کن بمباری کے بعد ایک دل خراش منظر کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ بمباری سے تباہ شدہ ایک عمارت کے ملبے تلے ایک بچی دبی ہوئی ہے ۔وہ اپنے بابا کو دہائی دے رہی ہے اور ان سے کہہ رہی ہے کہ وہ اس کو بچا لیں۔

اس بچی کا نچلا دھڑ ملبے تلے دبا ہوا ہے اور اس حالت میں وہ اپنے بابا سے کہہ رہی ہے :’’ بابا مجھے باہر نکالو ۔ میں آپ کے پیروں کو بوسہ دوں گی‘‘۔وہ اپنے بے یارو مددگار والد سے اسی طرح ملبے تلے ہوئے باہر نکالنے کی دہائی دے رہی ہے۔

اس کے پاس ہی اس کے والد کھڑے ہیں لیکن وہ اپنی صاحب زادی کو بچانے کے لیے کچھ بھی نہیں کرسکتے۔وہ پھر دہائی دیتے ہیں اور کئی نوجوان ان کی مدد کو آجاتے ہیں اور کنکریٹ کی ایک بڑی سِل کے نیچے دبی ہوئی اس بچی کو نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ویڈیو میں جس شہر پر بمباری کی گئی ہے،اس کی شناخت نہیں کی گئی ہے لیکن یہ یقین کیا جاتا ہے کہ یہ شام کا شمال مغربی شہر ادلب ہے جہاں شامی اور روسی لڑاکا طیارے بلا امتیاز شہری علاقوں پر تباہ کن بمباری کررہے ہیں اور انھوں نے یوم عاشور پر بھی شہریوں پر فضائی حملے نہیں روکے ہیں۔