.

دیر الزور : ایس ڈی ایف کا ایک مرکزی آئل فیلڈ پر کنٹرول

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں امریکا کی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز SDF کا کہنا ہے کہ اس نے اتوار کے روز دیر الزور صوبے میں تیل کی مرکزی آئل فیلڈ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جبکہ ملک کے مشرقی حصے میں داعش تنظیم کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے۔

العمر آئل فیلڈ کو شام میں تیل کی ایک سب سے بڑی آئل فیلڈ شمار کیا جاتا ہے جو دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر واقع ہے۔

دیر الزور صوبے میں ایس ڈی ایف کی ترجمان لیلوی العبداللہ کے مطابق العمر آئل فیلڈز کو بنا کسی قابل ذکر نقصان کے آزاد کرا لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد نزدیک واقع علاقے کی عمارتوں میں روپوش ہو گئے اور ایس ڈی ایف کے عناصر ان کا تعاقب کر رہے ہیں۔

عراق کے ساتھ سرحد کے نزدیک دیر الزور صوبے میں ایس ڈی ایف کے عرب اور کرد جنگجو امریکا کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کی فضائی اور زمینی معاونت سے داعش تنظیم کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

شامی حکومت کی فورسز روسی طیاروں اور ایران نواز جنگجوؤں کی سپورٹ سے دریائے فرات کے مغرب میں داعش تنظیم پر حملوں میں مصروف ہیں۔

داعش تنظیم شام میں بڑے پیمانے پر اراضی کا کنٹرول کھو چکی ہے اور اس وقت وادی فرات اور دیر الزور کے صحرائی علاقے میں اپنے آخری مراکز میں حملے کا سامنا کر رہی ہے۔

ایس ڈی ایف نے گزشتہ ماہ العمر آئل فیلڈز کے نزدیک واقع قدرتی گیس کی ایک مرکزی فیلڈ پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔