کرد صدر مسعود بارزانی سے استعفے اورعبوری حکومت کی تشکیل کا مطالبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

عراق کے خود مختار علاقے کردستان سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں نے علاقائی صدر مسعود بارزانی سے مستعفی ہونے اور ایک عبوری حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔

کردستان کی گوران تحریک ، اسلامی گروپ ، اتحاد برائے جمہوریت اور انصاف سمیت مختلف جماعتوں نے منگل کو ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔اس میں انھوں نے کرکوک اور دوسرے متنازع علاقوں میں صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے ایک نقشہ راہ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

انھوں نے کردستان کے علاقے کی خود مختاری اور کردستان کے عوام میں اتحاد برقرار رکھنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔انھوں نے خطے کو تقسیم اور خانہ جنگی سے بچانے پر بھی زوردیا ہے۔

ان جماعتوں نے کرد صدر مسعود بارزانی کو ہٹانے اور ایک عبوری حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ ہم کردستان میں پارلیمان کے ذریعے ایک عبوری حکومت کے قیام کے لیے سیاسی جماعتوں سے مل کر کام کررہے ہیں تاکہ یہ حکومت بغداد میں وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ذمے داری سنبھال لے‘‘۔

ان جماعتوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’’ عراقی جماعتوں کو آئین کے مطابق متنازع علاقوں کا معاملہ حل کرنا چاہیے اور ان علاقوں میں صورت حال کو پُرامن بنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں تاکہ بے گھر ہونے والے افراد اپنے آبائی علاقوں کو لوٹ سکیں‘‘۔

انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ کردستان کی علاقائی صدارت کو تحلیل کردیا جائے اور قانون کے مطابق اختیارات متعلقہ حکام کو سونپ دیے جائیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں