لبنانی فوج کے سربراہ کا اسرائیلی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے پر زور
لبنان کی فوج کے سربراہ جوزف عون نے اپنی فوج پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی سرحد پر اسرائیلی دشمن کے خطرے اور اس کی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے۔ یہ بات منگل کے روز لبنانی فوج کی جانب سے ایک ٹوئیٹ میں بتائی گئی۔
جوزف عون نے فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے لبنان میں اقوام متحدہ کے ساتھ رابطہ کاری اور تعاون سے قرار داد 1701 پر اچھی طرح عمل درامد کے واسطے چوکنا رہے۔
سال 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کو ختم کرانے والی اقوام متحدہ کی قرار داد کے تحت لبنانی فوج نے سرحد پر سکیورٹی کی ذمے داری سنبھالی ہوئی ہے ۔
دوسری جانب اسرائیل کے ایک سینئر اہل کار نے لبنانی فوج کی طرف سے سرحد پر ممکنہ حملے سے متعلق انتباہ کو "احمقانہ" قرار دیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کے روز سے شام کے ساتھ سرحد کے نزدیک تربیتی مشق کر رہی ہے۔
لبنان کے امور میں ایران اور حزب اللہ کی مداخلتوں کے سبب وزیراعظم سعد حریری کے مستعفی ہونے کے بعد ملک میں تناؤ بڑھتا جا رہا ہے۔