ٹرمپ کا مبہم اشارہ، تیسری صدارتی مدت کی قیاس آرائیاں پھر تیز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر ایک تصویر شیئر کر کے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ تصویر میں وہ سرخ رنگ کی ایسی ٹوپی پہنے ہوئے نظر آتے ہیں جس پر'' Trump 2028 ''درج ہے، جسے مبصرین نے تیسری صدارتی مدت حاصل کرنے کی خواہش کا ایک اور اشارہ قرار دیا ہے۔

ٹرمپ نے تصویر کے ساتھ کوئی وضاحتی پیغام جاری نہیں کیا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر اس کے مطلب سے متعلق قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

یہ تصویر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب چند روز بعد اہم سیاسی ملاقاتیں متوقع ہیں اور ان کے سیاسی مستقبل پر بھی بحث جاری ہے۔

اس سے قبل بھی ٹرمپ مختلف مواقع پر ایسے بیانات دے چکے ہیں، جن میں انہوں نے طویل عرصے تک سیاسی منظرنامے میں موجود رہنے کا عندیہ دیا تھا۔

تاہم ان بیانات کو بعض حلقوں نے سیاسی مذاق قرار دیا، جبکہ دیگر مبصرین نے انہیں عوامی ردِعمل جانچنے کی کوشش سے تعبیر کیا۔

آئینی ترمیم کے بغیر تیسری مدت ممکن نہیں

امریکی آئین کی بائیسویں ترمیم (22nd Amendment) کے مطابق کوئی بھی شخص دو مرتبہ سے زیادہ امریکا کا صدر منتخب نہیں ہو سکتا۔

اس لیے اگر کوئی تیسری صدارتی مدت حاصل کرنا چاہے ،تو اس کے لیے آئین میں ترمیم ضروری ہوگی، جو ایک انتہائی پیچیدہ عمل ہے اور اس حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ اقدام سامنے نہیں آیا۔

ابھی تک نہ وائٹ ہاؤس اور نہ ہی ٹرمپ کی ٹیم نے اس تصویر کی اصل معنویت یا مقصد کے بارے میں کوئی وضاحت جاری کی ہے۔

اسی طرح صدر ٹرمپ نے بھی 2028 کے صدارتی انتخابات سے متعلق کسی سرکاری مہم یا اقدام کا اعلان نہیں کیا۔

اس لیے فی الحال یہ تصویر ایک سیاسی پیغام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس نے سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں وسیع ردِعمل پیدا کیا ہے اور امریکا میں صدارتی مدت کی آئینی حدود سے متعلق بحث کو ایک بار پھر زندہ کر دیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں