.

معتمرین اور عازمین کی سہولت کےلئے وزارت حج کی ایپلیکیشن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے معتمرین و عازمین کی سہولت کےلئے اسمارٹ ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے۔

مخصوص ایپ کے ذریعے حج وعمرہ امورسے متعلق معلومات کا حصول آسان ہو جائیگا۔ ذرائع کے مطابق وزرات حج و عمرہ کی جانب سے مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا جارہا ہے تاکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ وزارت حج و عمرہ نے سعودی عرب کے سالانہ ثقافتی میلے جنادریہ میں لگائے گئے اسٹال پر تیار کی جانے والی ایپ کی نمائش کی جسے مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔

جنادریہ میلے میں شریک وزارت کے اہلکار نے بتایا کہ مخصوص ایپ کے ذریعے زائرین ، معتمرین اور عازمین حج کی بہتر طور پر خدمت کی جا سکے گی۔ انکی جانب سے استفسارات کے فوری جوابات دیئے جائیں گے۔ ایپ سے خود کار سسٹم کے تحت استفسارات کے جوابات دیئے جائیں گے۔ حج ایپ پر اہم معلومات بھی مہیا کی جائیں گی۔ ایپ استعمال کرنے والوںکی سہولت کے لئے وزرات حج و عمرہ کی جانب سے اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے جس کے بعد بیرون ملک سے بھی ایپ کے ذریعے اہم معلومات جن میں بیرون مملکت رجسٹرڈ حج و عمرہ ٹور آپریٹرز کے ناموں کی فہرست بھی شامل ہو گی جس کے ذریعے معتمرین کو یہ سہولت ہو گی کہ وہ اپنے ملک میں موجود لائسنس یافتہ عمرہ و حج ٹور آپریٹرز کے بارے میں آسانی سے معلوم کر سکیں گے۔

وزرات کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض ممالک سے اس قسم کی شکایات موصول ہوتی ہیں کہ انہیں لائسنس یافتہ ٹورآپریٹرزکے بارے میں علم نہیں ہوتا ۔ اس ایپ کی اپ گریڈنگ کے بعد بیرون مملکت لوگوں کو کافی سہولت ہو گی۔ ایپلیکیشن میں حج و عمرہ کے احکامات سے متعلق اہم معلومات بھی اپ لوڈ کی گئی ہیں جبکہ وزرات کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کا تعارف بھی پیش کیا گیا ہے ۔