.

سلطنت عُمَان سے آنے والے مصری طیارے کے کاک پٹ پر دھاوے کی کوشش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری فضائی جہاز رانی کے ذرائع کے مطابق منگل کے روز سلطنتِ عُمان سے مصر آنے والے مسافر طیارے میں کاک پٹ پر دھاوا بولنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ واقعے کے نتیجے میں مسقط سے قاہرہ آنے والا "EGYPT AIR" کا طیارہ اڑان بھرنے کے 26 منٹ کے بعد دوبارہ سلطنت عُمان لوٹ گیا۔

تفصیلات کے مطابق طیارے کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد مسافروں میں موجود دو افراد نے طیارے کے عملے پر دھاوا بول دیا اور کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش کی۔ البتہ صورت حال پر قابو پا لیا گیا اور طیارہ بحفاظت مسقط کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچ کر اُتر گیا۔ حملہ کرنے والے دونوں افراد کا تعلق ایک مصری پبلشنگ ہاؤس سے ہے۔

ہوابازی کی مصری وزارت کے بیان کے مطابق مسقط سے آنے والی پرواز 931 میں 78 مسافر سوار تھے۔ یہ پرواز اڑان کے بعد دوبارہ مسقط کے ہوائی اڈّے لوٹ جانے کے سبب تقریبا چار گھنٹوں کی تاخیر سے صبح گیارہ بجے قاہرہ پہنچی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ تاخیر کا سبب طیارے میں موجود وہ مسافر تھا جس نے دوران پرواز ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ مذکورہ مسافر کو مسقط کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عمانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔