سعودی عرب: انٹرنیشنل َہنی فیسٹول میں رنگوں اور خوشبوؤں کی بہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کے صوبے الباحہ میں انٹرنیشنل ہَنی فیسٹول کا 11 واں ایڈیشن جاری ہے۔ پرنس محمد بن سعود پارک میں منعقد فیسٹول میں 30 سے زیادہ مگس بان شرکت کر رہے ہیں۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق ایک سعودی مگس بان علی بن عبداللہ العمری نے بتایا کہ فیسٹول میں بیری اور پیلو سمیت درجن بھر سے زیادہ اقسام کے شہد رکھے گئے ہیں۔

ان اقسام کو رنگوں کی بنیاد پر پہچانا جا سکتا ہے جن میں سُرخی مائل، سیاہ مائل اور سفید رنگ شامل ہے۔

فیسٹول میں رکھے گئے مختلف انواع کے شہد مختلف ذائقے اور خوشبو رکھتے ہیں۔ عمومی طور پر تمام اقسام کے شہدوں میں ایک خاص نوعیت کی خوشبو پائی جاتی ہے جو ان کے خالص ہونے کا پتہ دیتے ہیں۔

ایک دوسرے مگس بان متعب بن احمد الغامدی نے بتایا کہ وہ الباحہ میں مگس بانوں کی انجمن کے تربیتی انسٹی ٹیوٹ سے فارغ التحصیل ہیں۔ الغامدی نے 5 چھتوں کے ساتھ شہد کی تیاری کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اس وقت ان کے پاس 80 چھتّے ہیں جن سے تمام اقسام کے شہد حاصل ہوتے ہیں۔

ناصر بن سعید الغامدی سعودی مگس بان ہیں اور وہ مذکورہ انٹرنیشنل فیسٹول کے پہلے ایڈیشن سے شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے شہد کے اندر خشک میوہ جات اور دیگر مختلف اشیاء کو ملا کر متعدّد مرکبّات پیش کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ چیزوں کو شامل کرنے سے شہد پر کسی قسم کے اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

دوسری جانب فیسٹول کے انتظامی نگراں عبداللہ بن محمد الزہرانی نے ایونٹ کی سرگرمیوں اور مختلف پویلینز کا جائزہ لیا۔ ان میں شہد کی نمائش کا خیمہ، تھیٹر کی سرگرمیاں، ہَنی فرینڈز، فوٹوگرافی کی نمائش، ہَنی کیفے، شاعری اور ضیافت کا پویلین، بچوں اور ننھے سیاح کا پویلین شامل ہیں۔

فیسٹول کے افتتاح کے روز سے اب تک 3 ٹن کے قریب شہد کی ترسیل ہو چکی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں