یمنی فوج کی الحدیدہ میں پیش قدمی ، حوثیوں کا اہم کمانڈر ہلاک
یمن کے صوبے الحدیدہ میں سرکاری فوج کی پیش قدمی اور باغی حوثی ملیشیا کے نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔
عسکری ذریعے کے مطابق یمنی فوج نے ملیشیا کے زیر قبضہ متعدد ٹھکانوں کو واپس لے لیا۔ اس دوران الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کی عسکری اور انسانی کُمک کا نگراں کمانڈر ابو ہاشم مارا گیا۔
عسکری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ الحدیدہ میں "الکیلو 16" کے علاقے پر کنٹرول سے صنعاء میں حوثیوں کے لیے افرادی قوت اور عسکری امداد منقطع ہو جائے گی۔ مذکورہ علاقے میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی حوثیوں کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے۔
یمنی فوج نے اس علاقے کی جانب پیش قدمی کی اور کئی ٹھکانوں کو واپس لے لیا۔ اس دوران اتحادی طیاروں کی معاونت کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں حوثی جنگجو ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
عسکری ذرائع نے باور کرایا ہے کہ "الکیلو 16" کا علاقہ تزویراتی اہمیت کا حامل ہے جو صنعاء کو الحدیدہ صوبے سے ملاتا ہے۔ اس پر کنٹرول کا مطلب ہو گا کہ صنعاء ، تعز اور الحدیدہ کو ملانے والی سپلائی لائن منقطع ہو گئی۔
علاقے پر مکمل کنٹرول کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے گرد گھیرا تنگ ہو جائے گا۔
عسکری بیانات کی روشنی میں "الکیلو 16" کا معرکہ الحدیدہ شہر اور اس کی بندرگاہ کا رخ کرنے کے لیے راہ ہموار کرے گا۔